کولمبیا میں 265 ملین ڈالر مالیت کی پانچ ٹن کوکین پکڑی گئی
10 جون 2020بوگوٹا سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مقامی میڈیا نے بتایا یہ کوکین کولمبیا کے جنوب مغرب میں بوئنا وینٹُورا کی بندرگاہ پر دو ایسے کنٹینروں سے برآمد ہوئی، جن میں بظاہر دانے دار ربڑ لدا ہوا تھا اور جو ترکی بھیجے جانا تھے۔
کولمبیا کی قومی پولیس کے انسداد منشیات کے شعبے کے نیشنل ڈائریکٹر خورگے لوئس رامیریز آراگون نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ریکارڈ مقدار میں اس کوکین کی برآمدگی پولیس کے ایک جاسوس کتے کی وجہ سے ممکن ہو سکی، جس نے دونوں کنٹینروں میں دانے دار ربڑ کے نیچے چھپائی گئی تقریباﹰ پانچ ہزار گلوکرام کوکین کا سونگھ پر پتا چلا لیا تھا۔
اس بارے میں ملکی وزیر دفاع کارلوس ہولمیس ترُوخیو نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس کوکین کی مالیت بین الاقوامی منڈی میں تقریباﹰ 265 ملین ڈالر بنتی ہے۔
کوکین کوکا کے پودے سے تیار کیا جانے والا ایک ایسا انتہائی تیز نشہ آور سفوف ہوتا ہے، جس کی تیاری میں کولمبیا دنیا بھر میں باقی تمام ممالک سے آگے ہے۔
امریکی حکومت کے انسداد منشیات سے متعلق سرکاری ڈیٹا کے مطابق 2018ء میں کولمبیا میں کوکین کی تیاری کے لیے دو لاکھ آٹھ ہزار ہیکٹر رقبے پر کوکا کے پودے کاشت کیے گئے تھے۔ گزشتہ برس یہ رقبہ کم ہونے کے بجائے مزید پھیل کر دو لاکھ بارہ ہزار ہیکٹر ہو گیا تھا۔
اس سے بھی زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں پھیل چکی نئے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جہاں بین الاقوامی سفر، سیاحت، اور عالمی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے، وہاں کولمبیا سے منشیات خاص کر کوکین کی بیرون ملک اسمگلنگ میں بظاہر کوئی کمی نہیں ہوئی۔ اس کی اہم ترین وجہ یہ ہے کہ منشیات کے بین الاقوامی اسمگلر اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے نت نئے راستے تلاش کر لیتے ہیں۔
کولمبیا کی سکیورٹی فورسز نے سال رواں کے پہلے صرف پانچ ماہ کے دوران چھاپے مار کر ملک کے مختلف حصوں سے مجموعی طور پر تقریباﹰ 180 ٹن کوکین اپنے قبضے میں لے لی تھی۔ ملکی اخبار 'ایل تی اَیمپو‘ کے مطابق یہ مقدار 2019ء میں اسی عرصے کے دوران حکام کی طرف سے قبضے میں لی گئی کوکین کی مقدار کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ تھی۔
م م / ا ا (ڈی پی اے، اے پی)