1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: امریکا کا عالمی اعتبار گھٹتا ہوا

16 ستمبر 2020

کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقہ کار کے حوالے سے ایک درجن سے زائد ممالک میں کرائے گئے سروے کے مطابق ہر چھ میں سے صرف ایک شخص امریکا کے رویے سے مطمئن نظر آیا اور بالخصوص جرمن تو امریکی رویے سے کافی نالاں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3iX13
USA | Wahlkampagne Donald Trump
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Harnik

واشنگٹن میں واقع معروف عالمی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر کی طرف سے کرائے گئے اس سروے کے مطابق کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے طریقہ کار کی وجہ سے امریکا کا بین الاقوامی اعتبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔  سروے رپورٹ منگل کے روز شائع کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'ماضی کے مقابلے میں امریکا کے موجودہ عالمی اعتبار میں گراوٹ کی ایک وجہ، کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کا اس کا طریقہ کار ہے۔  دنیا بھر کے 13ممالک میں اوسطاً صرف 15 فیصد لوگوں نے اس وبا سے نمٹنے کے امریکی طریقہ کار کو مثبت قرار دیا۔ جبکہ ایک بہت بڑی اکثریت کا خیال تھا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یورپی یونین اور حتی کہ چین نے بھی عوامی صحت کے اس بحران کو امریکا کے مقابلے کہیں زیادہ بہتر طریقے سے حل کیا ہے۔"

جرمنی میں جن لوگوں نے اس سروے میں حصہ لیا ان میں سے اکثریت نے امریکا کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا۔

سروے میں حصہ لینے والے صرف 26 فیصد افراد نے کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی رویے کو مثبت قرار دیا، یہ 2003 کے اس سروے کے مقابلے میں صرف ایک فیصد زیادہ ہے جب بہت سے جرمن شہریوں نے امریکا کی قیادت میں عراق پر حملے کی مخالفت کی تھی۔

امریکا کے حوالے سے فرانس اور برطانیہ کے لوگوں کی رائے جرمنی کے مقابلے نسبتاً تھوڑی زیادہ بہتر ہے۔  جو کہ بالترتیب 31 فیصد اور 41 فیصد ہے۔  تاہم پیوریسرچ سینٹرنے برطانیہ میں جب سے سروے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس کے بعد سے امریکا کے حق میں اس کے تاریخی حلیف کے شہریوں کی رائے اب تک کی سب سے کم ترین سطح پر ہے۔

 ٹرمپ، پوٹن اور شی سے پیچھے

دریں اثنا ڈونلڈ ٹرمپ نے جب سے امریکی صدارت کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں سنبھالی ہے اس کے بعد سے امریکی صدر کے متعلق منفی رائے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ ”اپنے پیش رو باراک اوبامہ کے مقابلے صدر ٹرمپ کے متعلق بالخصوص مغربی یورپ میں منفی رائے پہلے سے کہیں زیادہ پائی جاتی ہے۔“

ٹرمپ کے ملک ميں پاکستانی نژاد ڈاکٹر ہيرو قرار

دنیا کے دیگر رہنماوں نے، جن کے بارے میں روایتی طور پر عالمی منفی رائے پائی جاتی ہے،  صدر ٹرمپ کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے بارے میں بھی کافی منفی رائے پائی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود اتنی زیادہ منفی نہیں جتنا کہ ٹرمپ کے بارے میں پائی جاتی ہے۔"

رائے شماری میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو سب سے بہترین رہنما قرا ردیا گیا۔ ہر چار میں سے تین افراد نے ان کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا۔

ج ا/  ص ز (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں