کرکٹ: کوہلی کی شاندار سنچری، بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا
23 فروری 2025دبئی ميں اتوار تيئیس فروری کو گروپ اے میں روايتی حريف ٹيموں پاکستان اور بھارت کے مابين ايک اہم ميچ کھيلا گيا۔ انٹرنيشنل کرکٹ کونسل کی چيمپئنز ٹرافی کے ميزبان ملک پاکستان کی ٹیم نے پہلے بيٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوورز ميں 241 رنز اسکور کيے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ سعود شکيل 62، محمد رضوان 46 اور خوش دل شاہ 38 رنز کے ساتھ نماياں بيٹر رہے۔ بھارت کے ليے کلديپ يادو نے تين، ہردیک پانڈيا نے دو جبکہ ہرشيت رانا، روندر جديجا اور اکشر پٹيل نے ايک ايک وکٹ لی۔
کوہلی کی شاندار بیٹنگ اور مزید ايک بڑا کارنامہ
بھارتی ٹيم نے مقررہ ہدف 42.3 اوورز ميں اور صرف چار وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کر ليا۔ ویراٹ کوہلی نے 100 رنز اسکور کيے اور وہ آؤٹ نہيں ہوئے۔ بعد میں انہوں نے کہا، ''میرا کام بالکل واضح تھا، مڈل اوورز کو کنٹرول کرنا، سوئنگ کرنے والے بولروں کے خلاف جارحانہ کھيلنا اور اسپنرز کے خلاف بہت زیادہ خطرات مول نہ لینا، بلکہ صرف ايک یا دو رنز ليتے رہنا۔‘‘
روہت شرما نے 20، شبمن گل نے 46 اور شرياس آئیر نے 56 رنز بنائے۔ پاکستان کے ليے شاہين شاہ آفريدی نے دو جبکہ خوش دل شاہ اور ابرار احمد نے ايک ايک وکٹ لی۔
چمپئینز ٹرافی: ’پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں‘
پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچوں کے چند متنازع لمحات
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کے لیے کرکٹ سے بڑھ کر
ايک روزہ کرکٹ ميں آج اپنی 51 ویں سنچری بنانے کے ساتھ ہی کوہلی اب اس کرکٹ فارمیٹ میں 14,000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے صرف تيسرے کھلاڑی بھی بن گئے۔ ان سے قبل ان کے ہم وطن سچن ٹنڈولکر اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے یہ کارنامہ انجام ديا تھا۔
اب ٹورنامنٹ میں پاکستان کا کيا ہو گا؟
گروپ اے ميں بھارت دو ميچ کھيل کر اور چار پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد اب سرفہرست ہے۔ نيوزی لينڈ نے ايک ميچ کھيل کر دو پوائنٹ حاصل کر رکھے ہيں جبکہ بنگلہ ديش ايک ميچ کھيلنے کے بعد صفر پوائنٹس پر ہے جبکہ پاکستان کے بھی دو ميچ کھيلنے کے بعد پوائنٹس کی تعداد اب صفر ہی ہے۔ يوں پاکستان اب پوائنٹس ٹيبل پر سب سے نيچے ہے۔ پاکستان کے اب ممکنہ طور پر آگے بڑھنے کا دار و مدار ديگر ٹيموں کی پرفارمنس پر ہو گا۔
دوسری جانب چيمپئنز ٹرافی کے پانچويں ميچ ميں بھارت کی پاکستان کے خلاف آج کی کاميابی کے بعد بھارتی ٹیم کے اس ٹورنامنٹ کے سيمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہو گئے ہيں۔
ع س / م م (اے ایف پی، روئٹرز)