1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: آخری ون ڈے سری لنکا کے نام

عاطف توقیر28 دسمبر 2013

پانچ ون ڈے میچوں کی سیزیز کے ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان پہلے ہی تین میچ جیت کر يہ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ahma
تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

اس میچ کی خاص بات سری لنکن بلے باز چندیمال کے 64 رنز تھے، جنہوں نے سری لنکا کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹيم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 232 رنز بنا کر پچاسویں اوور میں آؤٹ ہو گئی تھی۔ سری لنکا نے اپنا ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

چندریمال نے 70 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 64 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ نویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں انہوں نے مینڈس کے ساتھ مل کر 40 رنز جوڑے۔ مینڈس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے عمر گل کے آخری اوور میں 15 رنز بنا کر میچ پاکستان سے چھین لیا۔ ایک موقع پر پاکستانی اسپنرز جنید خان اور سعید اجمل نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ کو تقریبا ختم کر دیا تھا اور 198 کے مجموعی اسکور پر اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ تاہم اس موقع پر چندیمال نے انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ایک یقینی شکست کو فتح میں تبدیل کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 31 رنز کے عوض تین جب کہ سعید اجمل نے 43 رنز کے بدلے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Cricket Pakistan Sri Lanka
پاکستان یہ سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکا ہےتصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

اس سیریز کے دوسرے میچ میں 285 رنز کا ہدف بھی حاصل کر لینے والی سری لنکن ٹیم اس میچ کے آغاز میں بھی بہت مضبوط دکھائی دی۔ ایک موقع پر 113 رنز پر سری لنکا کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا، تاہم اس اہم وقت محمد حفیظ نے وکٹ حاصل کی اور يوں وہ پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ پاکستانی ٹیم کچھ وقت کے ليے میچ پر خاصی حاوی نظر آ رہی تھی، تاہم میچ کے آخری لمحات میں سری لنکا نے بازی پلٹ دی۔

میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ سیریز کی جیت پر وہ مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ٹیم یہ آخری میچ ہار گئی تاہم وہ سیزیر میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے خاصے خوش ہیں۔