1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

ژاپوریژیا میں روسی میزائل حملہ، تیئیس یوکرینی شہری مارے گئے

30 ستمبر 2022

یہ تازہ روسی میزائل حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب آج ہی تیس ستمبر کی سہ پہر ماسکو میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں کے روس میں باقاعدہ انضمام کی دستاویزات پر دستخط کیے جا رہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/4HZUF
Ukraine | Russischer Angriff auf einen zivilen Autokonvoi in Saporischschja
تصویر: Pavel Nemecek/CTK/dpa/picture alliance

یوکرین کے جنوبی شہر ژاپوریژیا کے مضافات میں شہری گاڑیوں کے قافلے کو نشانہ بنانے والے روسی میزائل کے حملے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ ایک عینی شاہد نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ  شہر کی وسیع و عریض اوریخوو کار مارکیٹ میں لاشیں زمین پر یا ابھی گاڑیوں میں ہی پڑی ہوئی ہیں۔ گاڑیوں کی دو قطاروں کے قریب گرنے والے میزائل نے زمین میں ایک گڑھا بنا دیا تھا۔

Ukraine - Russische Rakete trifft Parkplatz - Saporischschja
یوکرین کی شہری آبادی پر روسی حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتیں عام ہیںتصویر: Dmytro Smolienko/Ukrinform/picture alliance/abaca

ژاپوریژیاکے علاقائی گورنر آلیکسانڈر ستاروخ کے مطابق، '' اس حملے میں اب تک 23 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو ئے ہیں اور یہ تمام عام شہری تھے۔‘‘ پولیس اور ایمرجنسی ورکرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ میزائل حملے کی وجہ سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ حملے کا نشانہ بننے والی گاڑیاں  مسافروں کے گھریلو سامان سے بھری ہوئی تھیں۔

ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں بکھری پڑی تھیں اور ان میں سے بعض گاڑیوں میں ہی مارے گئے تھے۔ نتالیہ نامی ایک خاتون نے بتایاکہ وہ اپنے خاوند کے ساتھ ژاپوریژیا میں اپنے بچوں سے ملنے آئیں تھیں۔ اپنی کار کے نزدیک کھڑے  انہوں نے کہا، ''ہم اپنی 90 سالہ ماں کی طرف لوٹ رہے تھے۔ ہمیں بچا لیا گیا ہے۔ یہ ایک معجزہ ہے۔‘‘

Ukraine | Krieg | Scheinreferenden
روس یوکرین کے قبضے میں لیے گئے چار اہم علاقوں کے اپنے ساتھ الحاق کی راہ ہموار کر چکا ہےتصویر: ITAR-TASS/IMAGO

روس 24 فروری کو یوکرین پر فوجی حملے کے بعد وہاں عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے تاہم  روسی حملوں نے یوکرین کے متعدد شہروں اور قصبوں کو تباہ کر دیا ہے۔ روس کی جانب سے یہ تازہ میزائل حملہ  ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب روسی صدر ولادیمیر پوٹن  آج جمعے کی سہ پہر  ماسکو میں منعقد ہونےوالی ایک تقریب میں یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں کے روس میں باقاعدہ انضمام کی دستاویزات پر دستخط کریں گے۔ پوٹن کریملن میں  منعقدہ تقریب کے اختتام پر ایک اہم خطاب بھی کریں گے۔ اس کے بعد وہ مشرقی اور جنوبی یوکرین کے روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول ان علاقوں کے مقامی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ یہ چار یوکرینی علاقے ڈونیٹسک، خیرسون، لوہانسک اور ژاپوریژیا ہیں۔

ش ر ⁄ م م (روئٹرز)

یوکرینی عوام کے لیے ایک اور خطرہ، بارودی سرنگیں