ڈیٹرائیٹ حملے کی ذمہ داری قبول، لادن کا نیا آڈیو پیغام
24 جنوری 2010عرب ٹی وی چینل الجزیرہ پر نشر ہونے والے بیان میں بن لادن نے کہا کہ امریکی مفادات پر اس وقت حملے کئے جاتے رہیں گے جب تک وہ اسرائیل کی حمایت سے باز نہیں آ جاتا۔ ’’اگر ہمارا پیغام تمہیں لفظوں میں سمجھ آجاتا تو ہمیں تمہاری طرف جہاز نہ بھیجنے پڑتے۔‘‘
اس ٹیپ میں اسامہ بن لادن کے مطابق ڈیٹرائیٹ حملوں میں ملوث عمر فاروق عبدالمطلب ہیرو ہے۔ ’’نائیجیریا کے ہیرو عمرفاروق کے حملے کی کوشش نے ہمارے اُس پیغام کو ایک متربہ پھر تم تک پہنچایا ہے، جو ہمارے ہیروز نے گیارہ ستمبر کو پہنچایا تھا۔‘‘ اس آڈیو پیغام کے مصدقہ ہونے کے حوالے سے فی الحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
عمر فاروق عبدالمطلب پر الزام ہے کہ اُس نے ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے امریکی شہر ڈیٹرائٹ جانے والے ڈیلٹا ایئر لائن کے طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم اُس کی ٹانگوں سے بندھا ہوا بارودی مواد پھٹ نہ سکا اور اُسے جہاز کے مسافروں نے آ دبوچا۔ اس کے بعد اُسے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا۔ عمر فاروق نے بتایا تھا کہ اس نے یمن میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ اس ٹیپ میں لادن کے پیغام سے قبل کہا گیا:’’ اوباما کے لئے اسامہ کا پیغام‘‘
اس آڈیو پیغام میں لادن نے کہا، یہ بات درست نہیں کہ امریکی تو امن اور سکون کی زندگی بسر کریں جبکہ فلسطینیوں کا جینا دوبھر کیا جاتا رہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس آڈیو بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں نیا کچھ نہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان اینڈی ڈیوڈ کے مطابق:’’دہشت گرد اپنی امیدوں میں کامیاب نہ ہوپائیں تو ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔‘‘
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی