1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈيانا کی ہلاکت ميں اسپيشل ايئر سروسز ملوث نہيں، برطانوی پوليس

عاصم سليم17 دسمبر 2013

برطانوی پولیس کے مطابق شہزادی ڈيانا اور ان کے ساتھی دودی الفائد کی ہلاکت ميں ملک کی ’اسپيشل ايئر سروسز‘ ملوث نہيں۔ قبل ازیں ڈیانا کی ہلاکت کا الزام برطانوی فوج کے اس خصوصی یونٹ کے اہلکاروں پر عائد کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Aam2
تصویر: picture-alliance/afp

ميٹروپوليٹن پوليس کے مطابق 1997ء کے اس واقعے ميں اسپيشل ايئر سروسز کے ملوث ہونے کے کوئی ٹھوس ثبوت نہيں ملے۔ ايک نشرياتی ادارے نے پير کی شب پوليس کے اسسٹنٹ کمشنر مارک راؤلی کے ايک خط کے ذرائع سے کہا کہ برطانوی پوليس کو شہزادی ڈيانا اور دودی الفائد کی ہلاکت سے متعلق تحقيقات دوبارہ شروع کرانے کے ليے کوئی ٹھوس شواہد نہيں ملے ہيں۔

ميٹرپوليٹن پوليس سروس کی جانب سے پير کے روز اعلان کيا گيا کہ 1997ء ميں شہزادی ڈيانا اور دودی الفائد کی موت کے حوالے سے اسی برس ملنے والے چند نئے شواہد کے جائزے کا عمل اب مکمل ہو چکا ہے۔ ادارے کے مطابق اس بارے ميں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہيں ہيں کہ ان کا قتل کيا گيا تھا۔ پوليس کے مطابق اس سلسلے ميں ايک تفصيلی بيان منگل کے روز جاری کیا جائے گا۔

کار کا حادثہ پيرس کے ايک سب وے ميں ہوا تھا
کار کا حادثہ پيرس کے ايک سب وے ميں ہوا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

واضح رہے کہ اکتيس اگست 1997ء کے روز فرانسيسی دارالحکومت پيرس ميں ايک کار کے حادثے ميں شہزادی ڈيانا اور ان کے ساتھی دودی الفائد ہلاک ہو گئے تھے۔ رواں برس اگست ميں اسکاٹ لينڈ يارڈ پوليس ہيڈ کوارٹرز سے اعلان کيا گيا تھا کہ ادارے کو ان ہلاکتوں سے جڑے چند نئے شواہد موصول ہوئے ہيں، جن کا جائزہ ليا جا رہا ہے۔ ان شواہد ميں کچھ ايسے الزامات بھی شامل تھے کہ ڈيانا کے قتل ميں برطانوی فوج کی کوئی شخصيت ملوث ہے۔

شہزادی ڈيانا کی ہلاکت کے ليے 'آپريشن پيگٹ‘ کے نام سے کرائی گئی دو سالہ پوليس انکوائری کے سن 2006 ميں جاری کيے جانے والے نتائج ميں ڈيانا کی ہلاکت سے متعلق تمام متضاد خبروں، الزامات اور قياس آرائيوں کو غلط قرار دے ديا گيا تھا۔ حادثے کے سبب بياليس سالہ دودی الفائد اور ڈرائيور ہينری پال موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ چھتيس سالہ ڈيانا نے بعد ازاں ہسپتال ميں دم توڑا۔ تحقيقات ميں يہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ڈرائيور ہينری پال نے حادثے کے وقت کافی مقدار ميں شراب پی رکھی تھی اور وہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے پيچھا چھڑانے کے ليے تيز رفتار ميں گاڑی چلا رہے تھے۔

شہزادی ڈیانا کی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی جولائی 1981 ء ميں ہوئی تھی تاہم کچھ ہی عرصے کے بعد میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے۔ دونوں نے 1993ء میں علیحدگی اختيار کی اور پھر 1996ء ميں ايک دوسرے سے طلاق لے لی تھی۔