1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین کے فوجی اخبار کا فلپائن اور امریکا کی مشترکہ بحری مشقوں پر انتباہ

21 اپریل 2012

چین کے ایک اہم فوجی اخبار نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ امریکا اور فلپائن کی متنازعہ بحیرہ جنوبی چین میں مشترکہ مشقوں سے اُس سمندر میں مسلح تنازعے کو ہوا مل رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/14ipv
تصویر: AP

چائنا لبریشن آرمی ڈیلی نامی اخبار نے آج ہفتے کو اپنے ایک تبصرے میں میں دونوں ملکوں کی مشترکہ فوجی مشقوں پر تنقید کی ہے۔ اخبار نے کہا: ’ہر کوئی کافی عرصے سے یہ واضح طور پر دیکھ سکتا ہے کہ ان مشقوں کے پیچھے وہ ذہنیت کار فرما ہے جو بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے کو فوجی تنازعے اور پھر اس کے بذریعہ فوجی قوت حل کی طرف لے جائے گی۔‘

اخبار کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی مداخلت کے ذریعے امریکا بحیرہ جنوبی چین کی صورت حال کو افراتفری کی طرف لے جائے گا جس کے علاقائی امن و استحکام پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

چینی فوج کے ترجمان تصور کیے جانے والے اس اخبار کی تنقید ایک سرکاری بیان کے برابر تو نہیں ہے مگر یہ بیجنگ کی جانب سے متنازعہ سمندر پر فلپائن کے ساتھ تنازعے میں اب تک کا سب سے بڑا انتباہ ہے۔

رواں ہفتے امریکا اور فلپائن کے فوجیوں نے پندرہ روزہ بحری مشقوں کا آغاز کیا تھا۔ یہ مشقیں فلپائن کے گرد مختلف سمندروں میں منعقد کی جا رہی ہیں اور اس کا آخری حصہ پیر سے بحیرہ جنوبی چین میں شروع ہو گا۔

Philippinen China Streit um Seegebiet Fischereikontrolle im Südchinesischen Meer Kriegsschiff
رواں ہفتے امریکا اور فلپائن کی پندرہ روزہ بحری مشقیں شروع ہوئیں جن کا آخری حصہ بحیرہ جنوبی چین میں ہو گاتصویر: Reuters

چین اور فلپائن کے درمیان بحیرہ جنوبی چین میں ایک اہم تنازعہ Scarborough Shoal نامی جزائر کے گروپ پر ہے۔ اس جزیرے پر چین، تائیوان اور فلپائن اپنا اپنا حق جتاتے ہیں۔

بحیرہ جنوبی چین تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال ہے اور ایک مصروف بحری گزر گاہ ہے۔

چین کے اس سمندر کے معاملے پر فلپائن، ویت نام، برونائی، ملائیشیا اور تائیوان کے ساتھ بھی تنازعات چلے آ رہے ہیں۔

چین نے اس معاملے کو انفرادی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے مگر ہمسایہ ملکوں میں اس حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔

جہاں تک امریکا کا تعلق ہے تو 2010 ء کے بعد چین نے امریکا کے ساتھ علاقائی تنازعات، تجارت، کرنسی کی پالیسیوں، انسانی حقوق اور دیگر متنازعہ معاملات کو حل کرنے کی کوششیں کی ہیں۔

Fischer in Vietnam
چین نے جمعہ کو بحیرہ جنوبی چین میں ماہی گیری کرنے پر گرفتار کیے گئے اکیس مچھیروں کو رہا کر دیاتصویر: AP

چین نے کل اسی متنازعہ سمندر میں ماہی گیری کرنے والے ویت نام کے 21 مچھیروں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان مچھیروں کو مارچ کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے ایشیا بحر الکاہل کے علاقے پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے اور وہاں موجود اپنے اتحادیوں کے ساتھ سفارتی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اعلان کے بعد چین نے محتاط رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

اس محتاط رویے کی جھلک اس تبصرے میں بھی نظر آتی ہے۔ تبصرے میں کہا گیا ہے کہ ’امریکا کی ایشیا بحر الکاہل کے خطے میں واپسی کا مطلب فوجی ترجیحات میں تبدیلی ہو سکتی ہے اور وہ چین کے فلپائن اور دیگر ملکوں کے ساتھ جنوبی بحیرہ چین کی خود مختاری پر تنازعات سے طویل المیعاد فائدہ اٹھا سکتا ہے‘۔

(hk/ij (Reuters