1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں چار امریکی اساتذہ چاقو حملے میں زخمی

11 جون 2024

چین میں ہوئے ایک چاقو حملے کے نتیجے میں چار امریکی اساتذہ زخمی ہو گئے ہیں۔ آئیووا کے ایک کالج سے وابستہ ان ٹیچرز پر شمال مشرقی چینی صوبے جیلین میں واقع ایک پارک میں حملہ کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4gtk6
Messerattacke auf amerikanische Lehrer in China
تصویر: REUTERS

امریکی حکام اور میڈیا نے بتایا ہے کہ چین میں چاقو حملے میں چار امریکی زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ چاروں افراد آئیووا کے کورنیل کالج میں تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ آئیووا سے ایوان نمائندگان کے رکن آدم زابنر نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں ان کا بھائی بھی شامل ہے۔

زابنر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ”جیلین شہر میں ہوئے اس چاقو حملے کے نتیجے میں میرے بھائی ڈیوڈ زابنر کے بازو پر زخم آیا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی ہونے والے چاروں امریکی اساتذہ شمال مشرقی چین میں واقع بیا ہوا نامی یونیورسٹی میں پڑھا رہے تھے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب امریکی اساتذہ جیلین شہر میں واقع بیشن پارک میں تعمیر کردہ ایک ٹیمپل کا دورہ کر رہے تھے۔ زابنر نے بتایا کہ یہ چاروں امریکی اس پارک میں تھے کہ چاقو سے مسلح ایک شخص نے اچانک حملہ کر دیا۔ ابھی تک اس حملے کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

Jilin Beishan Park in Jilin City, China
چین کے جیلین شہر میں واقع بیشن پارک ، جہاں امریکی شہریوں پر حملہ کیا گیا تصویر: Photoshot/picture alliance

امریکی حکام کا کیا کہنا ہے؟

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک ای میل کے ذریعے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت چین میں امریکیوں پر چاقو سے کیے گئے اس حملے کے بارے میں باخبر ہے۔

چینی حکومت نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے والوں کا علاج جاری ہے جبکہ اس حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے رواں برس پچاس ہزار امریکی نوجوانوں کو تعلیمی پروگراموں کے لیے چین مدعو کرنے کا وعدہ کیا تھا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

لیکن امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے امریکی شہریوں کو چین کا سفر کرنے کے حوالے سے لیول تھری کی ٹریول ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے، جس میں چین جانے کے خواہش مند امریکیوں کو چین میں ممکنہ طور پر حراست اور ایک مرتبہ چین جانے کے بعد وہاں سے ملک واپسی پر پابندی کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت چین میں 900 سے کچھ کم امریکی طالب علم تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ امریکہ میں دو لاکھ 90 ہزارسے زیادہ چینی طالب علم زیر تعلیم ہیں۔

ع ب / ج ا (روئٹرز، اے پی)