1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد تقریباﹰ تین سو ستّر

عاطف توقیر4 اگست 2014

چین کے جنوب مغربی صوبے یونان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر تقریباﹰ تین سو ستّر جب کہ زخمیوں کی تعداد دو ہزار تک جا پہنچی ہے۔ بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1CoEd
تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس سے صوبے کے شمال مشرقی علاقے زاؤٹونگ میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، جس کے بعد ایک بڑا امدادی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اتوار کے روز آنے والے اس زلزلے کے بعد سماجی رابطے پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں مقامی افراد کو ملبے تلے دبے افراد کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں دارے سنہوا نے امدادی کارکنوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس زلزلے کی وجہ سے 367 افراد ہلاک جب کہ 1881 زخمی ہوئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور یہ صرف دس کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، جس کی وجہ سے اس سے زیادہ تباہی ہوئی۔

چینی میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز لونگتوشان کا علاقہ تھا، جہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور درجنوں عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ چین کے سرکاری ٹی وی چینل پر دکھائے جانے والے مناظر میں زلزلے کے وقت لوگ گھروں سے باہر دوڑتے اور گلیوں میں جمع ہوتے نظر آتے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے چینی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ وائی بو پر کہا، ’’مکانات کی دیواروں میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئیں، پانی کے پائپ پھٹ گئے اور بجلی چلی گئی۔‘‘سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مقامی افراد نے کئی تصاویر شائع کی ہیں، جن میں مکانات کی دیواروں میں پڑ جانے والی دراڑیں واضح انداز میں دیکھی جا سکتی ہیں۔

چینی نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی علاقے میں بجلی اور ٹیلی کمیونیکشین کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور متاثرہ علاقے میں پھنسے افراد کو دیگر مقامات پر منتقل کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کی وجہ سے 12 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے ہیں، جب کہ 30 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔