چین میں اسکول کے بچوں پر چاقو سے حملہ، نو بچے ہلاک
28 اپریل 2018چین کے شمال مغربی صوبے ژان شی کی مقامی حکومت نے بتایا ہے کہ حملہ ایک مڈل اسکول کے طلبا پر کیا گیا۔ یہ اسکول ایک دیہات میں واقع ہے۔ حملہ آور ایک اٹھائیس سالہ شخص بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ بارہ اور اٹھارہ سال کے درمیان کی عمروں کے بچے اسکول کے بعد گھر واپس جا رہے تھے جب اِس شخص نے اُن پر حملہ کیا۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسکول کے بچوں پر حملے کا محرک غالباﹰ نفرت ہو سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم کا کہنا تھا کہ یہ انتقامی کارروائی اُس نے اسکول کے دور میں اُس کے ساتھ روا رکھی جانے والی بدسلوکی کے ردعمل میں کی ہے۔
چین کی حکومت نے پستول اور بندوق وغیرہ رکھنے پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے۔ تاہم چاقو اور گھریلو بموں سے پُر تشدد حملوں کی خبریں آئے دن سننے میں آتی ہیں۔ کئی اسکولوں نے اسکول میں داخلے کے مقامات پر سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ طالب علموں اور اُن کے اہل ِخانہ کو ایسے حملوں سے بچایا جا سکے۔
گزشتہ برس جون میں بھی مشرقی چین میں ایک بائیس سالہ نوجوان نے ایک کنڈر گارٹن کے سامنے گھریلو ساخت کے ایک بم سے دھماکا کیا تھا جس میں حملہ آور سمیت آٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
ص ح/ اے پی