1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمیئنز لیگ، رئیل میڈرڈ نے بائرن میونخ کو شکست دے دی

عاطف توقیر30 اپریل 2014

چیمپیئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کی دوسری لیگ میں رئیل میڈرڈ نے دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کو چار صفر کے بھاری فرق سے شکست دیتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Br4G
تصویر: Getty Images

سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر رئیل میڈرڈ نے جرمن کلب بائرن میونخ کو ایک صفر سے مات دی تھی، تاہم منگل کے روز اس سلسلے میں کھیلی گئی دوسری لیگ میں میونخ میں کھیلے گئے میچ میں رئیل میڈرڈ نے میونخ کو کھیل کے تمام شعبوں میں مکمل طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا۔ اس طرح سیمی فائنل میں رئیل میڈرڈ نے بائرن میونخ کو مجموعی طور پر پانچ صفر سے ہرایا۔

اس کھیل کی خاص بات مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کا زبردست کھیل تھا۔ اس مقابلے میں رئیل میڈرڈ کی طرف سے دو گول سیرگیئو راموس اور دو گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے۔

اس سیمی فائنل مقابلے میں رونالڈو کا پہلا گول چیمپیئنز لیگ کے رواں سیزن میں ان کا 15واں گول تھا، جو ایک ریکارڈ ہے، تاہم میچ کے آخری لمحات میں انہوں نے ایک اور گول کر دیا۔

Champions League Halbfinale FC Bayern München - Real Madrid CF
کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: picture-alliance/dpa

میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں ریئل کے کھلاڑی گیریتھ بیلے نے کہا، ’ہم فائنل میں پہنچنے پر بہت خوش ہیں، مگر ابھی حتمی جیت کی راہ میں ایک میچ حائل ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’ہر شخص نے اپنی سو فیصد صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنی اپنی جگہ پر بہترین کھیلا۔ میں اسی لیے دنیا کے اس سب سے شاندار کلب کا حصہ بنا ہوں کہ ٹرافیاں جیت سکوں اور بڑے میچوں میں فتح حاصل کروں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا، ’ہم ابھی فتح یاب نہیں ہوئے ہیں۔ فائنل میں ایک مشکل کھیل ہمارے سامنے ہے، مگر میں اس کا منتظر ہوں۔‘

میچ کے بعد بائرن میونخ کے سپورٹ ڈائریکٹر ماتھیاس زمیر نے کہا، ’ہم آج ایک بڑی ٹیم کے سامنے ناکام ہو گئے۔۔۔ ہم گزشتہ برس چیمپیئن تھے۔ اب ہمیں ایک چیمپیئن ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ناکامی کو قبول بھی کرنا چاہیے۔‘

اس میچ کا پہلا گول کھیل کے 20 منٹ میں رئیل میڈرڈ کے کھلاڑی راموس نے کیا۔ دوسرا گول بھی راموس ہی نے کیا۔

اس موقع پر فتح کے لیے بائرن میونخ کو پانچ گول درکار تھے، تاہم کھیل کے 34 ویں منٹ میں ایک جوابی حملے میں کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا ریکارڈ گول کیا جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں رونالڈو نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو غیرمعمولی بنا دیا۔