1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئن گولفر ٹائیگر وڈز نے پھر مانگی معافی

20 فروری 2010

مایہ ناز گولفر ٹائیگر وڈز نے اپنی بیوی سے بے وفائی کا اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے رویے پر سرعام شرمندگی ظاہر کی ہے۔ وڈز نے کھیل کی جانب لوٹنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی ٹھوس منصوبہ پ

https://p.dw.com/p/M6Sg
گولفر ٹائیگر وڈزتصویر: AP
Tiger Woods mit Freundin Elin Nordegren
اہلیہ ایلن کے ساتھتصویر: picture-alliance / dpa

عالمی چیمپیئن گولفر ٹائیگر وڈز نے فلوریڈا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اپنی بیوی، بچوں، والدہ، دوستوں اور ان سب لوگوں کا دل دکھایا جو ان سے بہت پیار کرتے ہیں۔ ٹائیگر وڈز نے کہا کہ انہوں نے اپنی فاؤنڈیشن کو بھی نقصان پہنچایا۔

وڈز نے اپنی بیوی سے بے وفائی پر دوبارہ معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بے وفا رہے اور ان کا رویہ ناقابل قبول۔ ٹائیگر وڈز نے عالمی میڈیا سے اپیل کی کہ انہیں اور ان کے خاندان کو تنہا چھوڑ دیا جائے۔

ٹائیگر وڈز کی کار گزشتہ برس نومبر میں ایک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے بعد مختلف خواتین سے ان کے جنسی تعلقات کا انکشاف ہوا۔ وہ تب ہی سے کھیل سے بھی کنارہ کئے ہوئے ہیں جبکہ ان کی ذاتی زندگی مشکلات میں گھری ہے۔

جمعہ کو یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے کھل کر اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی۔ اس نیوزکانفرنس کا اہتمام فلوریڈا میں ’پی جی اے ٹور‘ کے صدر دفاتر میں کیا گیا۔ تاہم نیوزکانفرنس میں شرکت کی اجازت چند منتخب صحافیوں کو ہی دی گئی تھی۔ اس موقع پر ٹائیگر وڈز کی والدہ، دوست احباب اور ان کے قریبی معاون بھی موجود تھے۔ لیکن ٹائیگر کی اہلیہ ایلن شریک نہیں تھیں۔ وہ سابق سویڈش ماڈل ہیں۔

ٹائیگر وڈز نے اس موقع پر کہا کہ وہ کسی دن گولف کے کھیل کی طرف لوٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن یہ نہں کہہ سکتے کہ وہ دن کب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن اسی برس بھی آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا:’’میں جب بھی لوٹا، کھیل کی جانب اپنا رویہ زیادہ قابل احترام بنانا چاہوں گا۔‘‘

USA PGA Championship Golf Tiger Woods
14 ٹورنامنٹ جیت چکے ہیںتصویر: AP

وڈز نے مزید کہا کہ جو کچھ بھی ہوا، اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔ گولفر نے کہا کہ انہوں نے وہ اقدار بھلا دی تھیں، جن کے مطابق انہوں نے زندگی گزارنا سیکھا تھا۔

وڈز نے کہا کہ وہ جانتے تھے جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ غلط ہے، پھر بھی انہوں نے خود کو ایسا کرنے کے لئے قائل کیا۔ چیمپیئن گولفر نے کہا کہ اس وقت انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ وہ بہت سے لوگوں کا دل دکھا رہے ہیں بلکہ صرف اپنے ہی بارے میں سوچا۔ ٹائیگر وڈز نے کہا کہ شادی شدہ جوڑے کو مخصوص حد میں رہنا چاہیے لیکن خود انہوں نے وہ حد عبور کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ’’غلط اور بے وقوف‘‘ تھے۔ تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کہ وہ ایسا طرز عمل دہرائیں گے نہیں۔ ٹائیگر وڈز گولف کے 14بڑے ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی