1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کی جیت

24 اکتوبر 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے کے میچوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جرمنی کے ریکارڈ ساز کلب بائرن میونخ نے فرانسیسی شہر لیل کے کلب کو ایک گول سے ہرا دیا۔ یہ میچ لیل (Lille) میں ہی کھیلا گیا۔

https://p.dw.com/p/16VNM
تصویر: picture-alliance/dpa

بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے گروپ ایف میں ہے۔ بائرن نے اسی گروپ میں شامل فرانسیسی شہر لیل کے فٹ بال کلب  (Lille Olympique Sporting Club) کو ایک گول سے مات دی۔ لیل کے فٹ بال کلب کوLOSC   بھی کہا جاتا ہے۔ یہ میچ لیل فٹ بال کلب کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کم و بیش برابر حملے کیے لیکن کھیل میں دفاعی پہلو نمایاں تھا۔

Lille OSC vs Bayern München
بائرن نے فرانس کے لیل شہر میں کھیلے گئے میچ میں کامیابی حاصل کیتصویر: picture-alliance/dpa

منگل کے روز کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں جرمن کلب کو  ملنے والی پنالٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا گیا۔ میچ کے بیسویں منٹ میں جرمن فٹ بال کلب کو حاصل ہونے والی برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ہوم گراؤنڈ میں LOSC سے میچ برابر نہ ہو سکا۔ لیل کلب کے فل بیک لوکاس ڈگنے نے بائرن کے فلپ لاہم کے خلاف فاؤل کیا اور ریفری نے فاؤل کی نوعیت دیکھتے ہوئے بائرن کو پنالٹی کک کا فائدہ دیا۔ اس کک کو تھوماس میُولر نے گول میں تبدیل کر دیا۔

Deutschland Fußball Dante von Bayern München
بائرن میونخ، جرمنی کا ریکارڈ ساز فٹ بال کلب ہےتصویر: dapd

گروپ ایف میں شامل چاروں ٹیموں نے تین تین میچ کھیل لیے ہیں۔ گول اوسط کی بنیاد پر جرمن کلب تیسرے مقام پر ہے۔ تین ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں۔ ان میں بائرن، بیلاروس کا فٹ بال کلب BATE اور ہسپانوی کلب ویلینسیا ہیں۔ گول اوسط کی بنیاد پر ویلنسیا کے پاس پہلی پوزیشن  ہے۔ دوسری بیلاروس کے کلب اور تیسری جرمن کلب بائرن کے پاس ہے۔ فرانسیسی کلب لیل ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت پایا۔ بائرن کی تیسری پوزیشن کی وجہ گزشتہ میچ میں بیلاروس کے فٹ بال کلب  BATE کے ہاتھوں ہونے  والی حیران کن شکست ہے۔

منگل کو کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں دفاعی چیمپئن چیلسی کی شاختار ڈونیسک سے ہونے والی شکست کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ چیلسی ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہارا۔ ویلنسیا نے بیلا روس کے کلب BATE کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ برطانوی فٹ بال کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ نے بیلجیئم کے کلب براگا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ ہسپانوی کلب بارسیلونا نے آئرش کلب سیلٹک (Celtic) کو ہرایا۔

چیمپئنز لیگ کے تیسرے میچ ڈے کا آغاز منگل سے ہوا ہے۔ آج بدھ کے روز بھی مزید میچ کھیلے جائیں گے۔  بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچوں میں جرمنی کے دو اور فٹ بال کلبوں، ڈورٹمنڈ اور شالکے کی ٹیمیں بھی میدان میں اتریں گی۔ بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچوں سے چیمپئنز لیگ کے گروپ اسٹیج کے پہلے مرحلے کی تکمیل ہو جائے گی اور اس کے بعد ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دوبارہ کھیلے گی۔ گروپ اسٹیج پر ہر ٹیم اپنے ہوم اور پھر مخالف ٹیم کے میدان پر کھیلتی ہے۔ گروپ اسٹیج کے اگلے مرحلے یعنی چوتھے میچ ڈے کا آغاز چھ نومبر سے ہو گا۔

ah / ng (Reuters)