1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپئنز ليگ: ٹونی کرُوز اور تھوماس مُوئلر آرسنل کو لے ڈوبے

عاصم سليم20 فروری 2014

چيمپئنز ليگ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جرمن کلب بائرن ميونخ نے انگلش کلب آرسنل کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے شکست دے دی، جِس کے بعد ميونخ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے کے امکانات کافی روشن ہو گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1BBpx
تصویر: Reuters

برطانوی دارالحکومت لندن کے ايمیرٹس اسٹيڈيم پر انيس فروری کے روز کھيلے جانے والے پہلے راؤنڈ کے ميچ ميں فتح حاصل کرنے کے بعد جرمن کلب بائرن ميونخ اب گيارہ مارچ کو ہونے والے دوسرے ليگ کے ميچ کے ليے کافی پُر اميد ہے۔ دوسری جانب آرسنل کے مينيجر آرسنے وينگر بھی اِس ليے اميديں لگائے بيٹھے ہيں کہ جب پچھلی مرتبہ کچھ ايسی ہی صورتحال ميں اُن کی ٹيم بائرن کے خلاف ميونخ کے الائنس ايرينا ميں اتری تھی، تو اُس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائرن کو دو صفر سے مات دے دی تھی۔

ريفری آرسنل کے گول کيپر کو ريڈ کارڈ دکھاتے ہوئے
ريفری آرسنل کے گول کيپر کو ريڈ کارڈ دکھاتے ہوئےتصویر: Reuters

بدھ کی شب کھيلے جانے والے ميچ کے ابتدائی لمحات ميں ميزبان ٹيم حاوی رہی اور اُسے گول کرنے کے متعدد مواقع ملے تاہم بائرن ميونخ کے گول کيپر مانوئل نويئر نے بھی ڈٹ کر مقابلہ کيا اور کوئی گول نہ ہونے ديا۔ پہلے ہاف کے دوران دونوں ہی ٹيموں کو ايک ايک پينلٹی کک بھی ملی، جِسے دونوں ہی نے ضائع کر ديا۔ جرمن قومی ٹيم کے ترک نژاد کھلاڑی آرسنل کے ميسوٹ اوزل اِن دنوں کافی خراب فارم ميں ہيں اور اُنہوں نے گول کرنے کا سنہری موقع گنوا ديا۔ اسی طرح بائرن کے ڈيوڈ الابا نے بھی پينلٹی کک ضائع کردی اور يوں پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور صفر صفر سے برابر رہا۔ پہلے ہاف کے 37 ويں منٹ ميں آرسنل کے گول کيپر کو باہر بھيج ديا گيا اور يوں اُسے بقايا ميچ دس کھلاڑيوں کے ساتھ ہی کھيلنا پڑا، جِس کا مہمان ٹيم نے بھرپور فائدہ اٹھايا۔

ميچ کے دوسرے ہاف ميں بائرن ميونخ نے کھيل پر اپنی گرفت مضبوط کی اور 54 ويں منٹ ميں مڈ فيلڈ کھلاڑی ٹونی کرُوز نے شاندار گول کر ڈالا۔ بعد ازاں اختتامی لمحات ميں تھوماس موئلر نے اپنے سر کی مدد سے ايک گول کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹيم کی فتح کو يقينی بنا ديا بلکہ آرسنل کے ہوم گراؤنڈ پر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ واضح رہے کہ اِس ٹورنامنٹ ميں دو ٹيموں کے گولوں کی تعداد برابر ہونے کی صورت ميں، وہ ٹيم کواليفائی کرتی ہے جِس نے اپنی مخالف ٹيم کے ميدان پر زيادہ گول کيے ہوں، جنہيں ’اَوے گول‘ کہا جاتا ہے۔

جرمن کلب بائرن ميونخ کو اِس سال يورپی چيمپئنز ليگ جيتنے کے ليے فيورٹ قرار ديا جا رہا ہے۔

دريں اثناء بدھ انيس فروری کی شب کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں ہسپانوی کلب ايٹليٹيکو ميڈرڈ نے مشہور اطالوی کلب اے سی ملان کو صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے شکست دی۔ اٹلی مے مقام سين سيرو پر کھيلے جانے والے اِس ميچ کا واحد گول ڈيئيگو کوسٹا نے کيا۔

قبل ازيں منگل کے روز چيمپئنز ليگ کے ناک آؤٹ مرحلے کے آغاز پر دو ميچ کھيلے گئے، جن ميں ہسپانوی کلب بارسلونا نے انگلش کلب مانچسٹر سٹی کو دو صفر سے جبکہ فرانسيسی کلب پاری ساں جرميں نے جرمنی کے کلب بائر ليورکوزن کو چار صفر سے مات دی تھی۔