1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چور چوری کے بعد اپنی گاڑی میں سو گئے تھے، موقع واردات پر!

مقبول ملک14 اگست 2016

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پولیس نے دو ایسے نوجوان چوروں کو مسروقہ سامان کے ساتھ گرفتار کر لیا، جو چوری کے بعد اپنی گاڑی میں موقع واردات پر ہی سو گئے تھے۔ ان چوروں نے بھنگ کے خشک پتوں سے بھرے سگریٹ پی رکھے تھے۔

https://p.dw.com/p/1Ji8o
USA Pokemon Go Polizei
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سیکرامینٹو سے اتوار چودہ اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ چوری کی یہ واردات وسطی کیلی فورنیا میں میرسَیڈ کاؤنٹی کے قصبے وِنٹن میں ہوئی۔ لیکن دونوں نابالغ چوروں نے، جن کی عمریں سترہ سترہ برس ہیں، اس چوری کے بعد ایک ایسی غلطی کی، جو اگر وہ نہ کرتے تو شاید اس مرتبہ پکڑے نہ جاتے۔

Merced کاؤنٹی کے پولیس اہلکار جیسن گوئنز نے روئٹرز کو بتایا کہ ان دونوں نوجوانوں نے پہلے تو اس قصبے میں ایک تعمیراتی منصوبے کی جگہ سے تانبے کی تاریں اور دیگر سامان چوری کیا۔ پھر جب وہ اس سامان کو اپنی گاڑی میں لاد چکے تو ان کی آنکھ لگ گئی۔

اپنی غلطی کا احساس انہیں اس وقت ہوا جب علاقے میں اپنی گاڑی پر گشت کرنے والے ایک پولیس اہلکار نے دیکھا کہ ان کی گاڑی ایک غیر عمومی جگہ پر پارک کی گئی تھی۔ پھر پولیس افسر نے انہیں جگایا، جب گاڑی کا دروازہ کھلا تو گوئنز کو محسوس ہوا کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

گاڑی میں سوار دونوں نوجوان نشے کی حالت میں تھے اور ان کی کار میں ماریجوانا کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ پوچھ گچھ پر ملزمان نے بہانے بازی کی کوشش کی تو انہیں گاڑی کی تلاشی دینے کے لیے کہا گیا۔ گاڑی تانبے کی تاروں اور دوسرے مسروقہ سامان سے بھری ہوئی تھی۔

جمعہ بارہ اگست اور ہفتہ تیرہ اگست کی درمیانی رات دو بجے پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں پتہ یہ چلا کہ دونوں ملزمان نے، جو پہلے بھی نشے میں تھے، چوری کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر ماریجوانا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تو کچھ ہی دیر بعد وہ اپنے ارد گرد کی دنیا سے بےخبر ہو گئے تھے۔

Frankreich Cannabis Joint
ملزماں نے ماریجوانا کا نشہ کر رکھا تھاتصویر: Getty Images/AFP/F. Nascimbeni

ان دونوں نوجوانوں کو ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد صبح ان کے والدین کو اطلاع دی گئی اور نابالغ ہونے کی وجہ سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ اس بارے میں روئٹرز نے اپنی رپورٹ میں ان چوروں کے نام ایک طنزیہ یاد دہانی میں لکھا ہے: ’’چوروں کو چوری کے سامان سے بھری گاڑی میں جائے واردات پر تو کبھی نہیں سونا چاہیے۔‘‘

پولیس کے مطابق یہ ملزم گلیوں سڑکوں پر وارداتیں کرنے والے چھوٹے مجرموں کے ایک گروہ کا حصہ ہیں اور ان کے قبضے سے ایک ایسی بھری ہوئی گن بھی برآمد ہوئی، جو بعد میں سامنے آنے والے حقائق کے مطابق انہوں نے اسی سال مارچ میں چوری کی تھی۔

اب ان دونوں امریکی نوجوانوں کو اپنے خلاف جس مقدمے کا سامنا ہے، اس میں سٹریٹ گینگ کا حصہ ہونے، چوری کرنے، چوری کا سامان اپنے پاس رکھنے اور گاڑی میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں