1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پیزا بوائز‘ کے ہاتھوں انتہائی مطلوب مافیا لیڈر گرفتار

مقبول ملک18 اپریل 2016

اطالوی پولیس اہلکاروں نے، جو گاہکوں کو گھروں پر پیزا پہنچانے والے لڑکوں کا روپ دھارے ہوئے تھے، ملک کے خطرناک ترین مجرموں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے وقت یہ مافیا لیڈر اپنے گھر پر فٹ بال میچ دیکھ رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IXjO
Screenshot Twitter Roberto Manganiello
کامورا مافیا کے لیڈر کی پولیس ہیڈکوارٹرز میں لائے جانے کے بعد لی گئی تصویرتصویر: twitter/@poliziadistato

اٹلی کے دارالحکومت روم سے پیر 18 اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی ی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ گرفتاری ویک اینڈ پر نیپلز نامی شہر کے نواح میں عمل میں آئی۔ کروڑوں دیگر یورپی باشندوں کی طرح یہ انتہائی مطلوب ملزم بھی فٹ بال کا شوقین ہے اور جس وقت ’پیزا بوائز‘ کے روپ میں پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کیا، وہ اپنے گھر پر ٹیلی وژن کے سامنے بیٹھا فٹ بال کے ایک لائیو میچ سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔

اطالوی پولیس کی طرف سے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام کے مطابق اس مطلوب مجرم کا نام روبیرٹو مانگانیئلو (Roberto Manganiello) ہے اور وہ 2013 سے مفرور تھا۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ روبیرٹو ’اٹلی کے سو خطرناک ترین مجرموں‘ میں سے ایک ہے جو جرائم پیشہ افراد کے مافیا کہلانے والے گروپوں میں سے ایک ’کامورا مافیا‘ کا سرغنہ بھی ہے۔

پولیس نے مطابق اس مافیا لیڈر کو نیپلز کے مضافات میں ’اورٹا دی آٹیلا‘ نامی قصبے سے حراست میں لیا گیا۔ ’’ہفتہ 16 اپریل کی شام جس وقت خود کو ’پیزا ڈلیوری بوائز‘ ظاہر کرنے والے پولیس اہلکاروں نے اس گینگ لیڈر کے فلیٹ کے دروازے پر دستک دی، وہ ٹیلی وژن پر مقامی فٹ بال کلب ایس ایس سی ناپولی اور میلان شہر کے انٹرمیلان نامی کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا لائیو میچ دیکھ رہا تھا۔‘‘

اطالوی وزیر داخلہ انگیلینو الفانو نے اس مافیا رہنما کی گرفتاری کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ روبیرٹو مانگانیئلو کئی دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ پولیس کو ایک دوہرے قتل اور ہتھیاروں کی غیرقانونی تجارت کی وجہ سے بھی مطلوب تھا۔

Italien Mafia Verhaftung Operation Baby Boss
گزشتہ برس جون میں بھی پولیس نے نیپلز میں کئی مقامات پر چھاپے مار کر کامورا مافیا کے ساٹھ کے قریب ارکان کر گرفتار کر لیا تھاتصویر: picture-alliance/ROPI

اس جرائم پیشہ رہنما کی گرفتاری کے بعد ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس مافیئوزو (مافیا لیڈر) نے، جو اپنی گرفتاری کے وقت غیر مسلح تھا، اپنے حراست میں لیے جانے کے خلاف کوئی مزاحمت نہیں کی۔

رپورٹوں کے مطابق کامورا مافیا کے اس لیڈر کو گرفتار کرنے کے لیے اس کے فلیٹ کے دروازے تک تو صرف چند ’پیزا بوائز‘ ہی گئے تھے لیکن اس وقت مجرم کے گھر کے ارد گرد 50 کے قریب دیگر پولیس اہلکار بھی موجود تھے، جنہوں نے اس mafioso کی طرف سے فرار کے لیے استعمال کیے جانے والے تمام ممکنہ راستوں کی ناکہ بندی کر رکھی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں