1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرس کا پکاسو میوزیم جلد کھلنے والا ہے

عدنان اسحاق19 فروری 2014

پیرس کا پکاسو میوزیم کو 2009ء میں تزئین و آرائش کے لیے بند کیا گیا تھا۔ اندازہ لگایا گیا تھا کہ یہ کام دو سال میں مکمل ہو جائے گا تاہم اب جون میں اس کے دروازے ایک مرتبہ پھر پکاسو کے چاہنے والوں کے لیے کھل رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1BBfG
تصویر: WestImage - Art Digital Studio/Sotheby's/dpa

مشہور ہسپانوی مصور پابلو پکاسو کے فن پاروں کی نمائشیں دنیا بھر میں لگائی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے میوزیمز ایسے ہیں، جہاں اس منفرد مصور کے شاہکار مستقل طور پر موجود ہیں۔ ان میں سے ایک پیرس کا پکاسو میوزیم بھی ہے۔ پیرس کے پکاسو میوزیم کی انتظامیہ نے تزئین وآرائش کے ساتھ ساتھ میوزیم کے رقبے میں اضافے کے لیے تقریباً تیس ملین یورو کے اخراجات کا تخمینہ لگایا تھا تاہم ان پانچ برسوں کے دوران اس پر 52 ملین یورو کی لاگت آئی۔ یعنی ابتدائی بجٹ سے بائیس ملین یورو زیادہ۔ اس آرٹ گیلری کی صدر انا بالداساری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ رواں برس جون تک کام مکمل ہونے کی قوی امید ہے، جس کے بعد شائقین ایک مرتبہ پھر اپنے من پسند فنکار کی تخلیقات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پکاسو کے فن پاروں سے انصاف کرنے کے لیے عجائب گھر کے رقبے کو دگنا کر دیا گیا ہے۔

Liegender Akt
تصویر: Succession Picasso/ VG Bild-Kunst Bonn 2005

بالداساری کے بقول میوزیم کو جدید بنانے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس میوزیم میں اس ہسپانوی مصور کی پانچ ہزار پینٹنگز، ڈرائنگز، مجسمے اور تصاویر موجود ہیں۔ اس تناظر میں بالداساری نے کہا کہ پرانے میوزیم میں جگہ کی بہت کمی تھی اور پکاسو کے تمام شاہکاروں کو ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش نہیں کیا جا سکتا تھا۔ اس طرح اب اس کا رقبہ تین ہزار آٹھ سو مربع میٹر ہو گیا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق اب سالانہ ساڑھے آٹھ لاکھ افراد پکاسو میوزیم کی سیر کر سکیں گے۔ اس سے پہلے صرف ساڑھے چار لاکھ شائقین کو یہ سہولت حاصل ہو سکتی تھی۔ بالداساری نے مزید بتایا کہ منصوبے کے مطابق اپریل کے آخر میں تمام پینٹنگز کو اسٹور روم سے ہالز میں منتقل کیا جائے گا اور مئی میں انہیں آویزاں کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام چیزوں یہاں تک کہ تصویروں کے فریمز کو بھی نیا کیا گیا ہے۔

مستقبل میں اس میوزیم میں صرف ایک بڑی نمائش منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پہلی نمائش 2015ء کے وسط میں نیویارک کے ماڈرن آرٹ میوزیم کے تعاون سے ہو گی۔ پیرس میں پکاسو میوزیم 1985ء میں قائم ہوا تھا۔ اس میں زیادہ تر وہ فن پارے موجود ہیں، جو پکاسو نے فرانس میں اپنے قیام کے دوران تخلیق کیے تھے جبکہ بہت سے لوگوں نے بھی ان کی تخلیقات اس میوزیم کو عطیے کے طور پر دی ہیں۔