پیرس اور برلن میں دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ
16 جنوری 2015پیرس کے دفترِ استغاثہ نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے انسداد کے سلسلے میں پولیس نے مختلف چھاپوں میں کم از کم بارہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ گرفتاریارں پیرس حملوں کے بعد کی سکیورٹی کارروائی کا حصہ قرار دی گئی ہیں۔ پولیس نے چھاپے وسطی اور جنوبی پیرس کے علاقوں میں مارے ہیں۔
اِس کے علاوہ پولیس نے پیرس کی ایک بڑی نواحی بستی مونرُوژ(Montrouge) میں بھی چھاپہ مارا۔ مونرُوژ کے علاقے ہی میں چند روز قبل ایک نوجوان خاتون پولیس اہلکار کو ہلاک کیا گیا تھا۔ چھاپے کے دوران ایسے افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جنہوں نے شارلی ایبدو اور گروسری مارکیٹ کے حملہ آوروں کو لاجسٹک مدد فراہم کی تھی۔
آج جمعے ہی کے دِن ممکنہ بم دھماکے کے خطرے کا احساس کرتے ہوئے پیرس کی پولیس نے مشرقی سینٹرل اسٹیشن کو خالی کروا لیا تھا۔ اسٹیشن کو صبح آٹھ بجے خالی کروایا گیا تھا اور تقریباً ایک گھنٹے کے بعد پولیس نے اپنی تفتیشی کارروائی مکمل کر لی تھی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اسٹیشن کو احتیاطی تدابیر کے تحت خالی کروایا گیا تھا۔ اِس کے بعد جونہی پولیس اس اسٹیشن کے اندرونی حصے سے باہر آئی تو ریلوے اسٹیشن کی تمام سرگرمیوں کو بحال کر دیا گیا تھا۔
پیرس میں پولیس کے چھاپے اور ریلوے اسٹیشن کا بند کیا جانا ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری پیرس پہنچے ہیں اور وہ آج مقتول پولیس افسران کی قبروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ شہر میں ایک تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
اسی طرح جرمن دارالحکومت برلن میں بھی جمعے کو علی الصبح پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان افراد کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ یہ شام میں جہادی سرگرمیوں کے لیے بھرتی کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تجزیہ کار پیرس اور برلن کی گرفتاریوں کو برسلز میں جمعرات کی شام پولیس اور جہادیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے تناظر میں لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جمعرات کی شام یورپی ملک بیلجیم کی پولیس اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان ہونی والی مسلح جھڑپ میں کم از کم دو افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والے افراد کے تیسرے ساتھی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ مسلح جھڑپ بیلجیم کے ایک قصبے ویرویے (Verviers) میں ہوئی تھی۔ اسی دوران پولیس نے دارالحکومت برسلز اور اِس کے نواحی علاقوں میں درجنوں چھاپے بھی مارے ہیں۔
بیلجیم کے فیڈرل میجسٹریٹ ایرک فان ڈیئر سِپٹ کا کہنا ہے کہ مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کارروائی سے بیلجیم پیرس جیسے حملے سے بال بال بچ گیا ہے۔ مجسٹریٹ کے مطابق جن افراد کو پولیس نے اپنی کارروائی کے دوران ٹارگٹ کیا تھا وہ امکاناًشام کی خود ساختہ مقدس جنگ میں شرکت کرنے کے بعد واپس آئے تھے۔
فیڈرل مجسٹریٹ نے برسلز میں اپنی پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہلاک ہونے والے اور گرفتار کیا گیا مشتبہ دہشت گرد کسی مزید دہشت گردانہ کارروائی کی پلاننگ کیے بیٹھے تھے۔ گزشتہ روز کی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے بیلجیم کے وزیراعظم چارلس مشل نے کہا، یہ کارروائی اِس کا ثبوت ہے کہ اُن کا ملک دہشت گردی کے پھیلاؤ کے خاتمے کو روکنے کا مصمم ارادہ رکھتا ہے۔