1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سائنسسعودی عرب

پہلی سعودی خاتون خلانورد اگلے برس خلا میں بھیجی جائے گی

24 ستمبر 2022

سعودی عرب کی خلائی تحقیقی ایجنسی ایک امریکی خلائی ادارے ایکسیوم کے ساتھ مل کر اگلے برس پہلی سعودی خاتون کو خلا میں بھیجنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

https://p.dw.com/p/4HI1l
Internationale Raumstation | Arabische Halbinsel bei Nacht
تصویر: NASA/ZUMA Wire/picture alliance

کہا جا رہا ہے کہ اگر سب طے شدہ منصوبے کے مطابق رہا تو اگلے برس سعودی خلانورد خاتون خلا کے لیے روانہ کر دی جائے گی۔ سعودی عرب نے خلانوردی کا پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت وہ دو شہریوں کو اگلے برس تک خلا میں بھیجنا چاہتا ہے، سعودی اعلان کے مطابق ان دو میں سے کم از کم ایک خلانورد ایک خاتون ہو گی۔ یہ مشن امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں قائم ایکسیوم اسپیس نامی ادارے کی معاون سے مکمل کیا جائے گا۔

اماراتی مشن ’ہوپ‘ نے مریخ کی اولین تصویریں زمین پر بھیج دیں

متحدہ عرب امارات کے مریخ مشن کی روح رواں، سارہ الامیری

ایکسیوم اسپیس کے صدر مائیکل سفیرڈنی نے ایک بیان میں کہا، ''خلا تمام انسانیت کی میراث ہے، ایکسیوم اسپس سعودی اسپس کمیشن کے ساتھ مل کر ایک سعودی خاتون سمیت  خلانوردوں کی تربیت اور پرواز کے اس نئے منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

پہلی سعودی خاتون خلانورد

سن 1985 میں سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان السعود پہلے ہی امریکہ کے ڈسکوری مشن کے ذریعے زمین کے آربٹ کا سفر کر چکے ہیں۔ تاہم امریکہ یا کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں سعودی عرب میں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں روایتی طور پر کم حقوق حاصل رہے ہیں۔ یہ بات اہم ہےکہ سعودی خواتین پر سن 2018 تک گاڑی چلانے  پر پابندی عائد رہی ہے۔ ایسے حالات میں کسی سعودی خاتون کی خلانوردی کا منصوبہ ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

ایکسیوم کا اسپیس ایکس کے ساتھ اشتراک عمل

امریکی کمپنی ایکسیوم اس سے قبل ایک پرائیویٹ عملے والے مشن کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچا چکی ہے۔ اس پرواز کا نام اے ایکس ون تھا، جس میں پیسے دے کر خلا میں پہنچنے کے خواہش مند تین افراد کے علاوہ ایکسیوم کے ایک کارکن (ناسا کے سابقہ خلانورد) مائیکل لوپیز الگیریا شامل تھے۔ یہ افراد اسپیس ایکس کے ڈریگون کیپسول کے ذریعے زمین سے خلا میں گئے اور لوٹے تھے۔ ایکسیوم اب اے ایکس ٹو نامی ایک نئے مشن کی تیاری کر رہی ہے، جو اگلے برس موسم بہار میں روانہ کیا جائے گا۔

آرٹیمِس ون: ناسا کی جانب سے خلائی سفر کا ایک نیا دور

کہا جا رہا ہے کہ اس سعودی مشن کے لیے بھی ایکسیوم ممکنہ طور پر اسپیس ایکس کی خدمات حاصل کر سکتی ہے۔ اس مشن میں بھی خلانورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جا کر واپس لوٹیں گے۔ تاہم فی الحال ایکسیوم نے اس مشن کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

ع ت، ا ب ا (روئٹرز)