1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوڈولسکی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

افسر اعوان15 اگست 2016

جرمن کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے اس جرمن اسٹار کو فرانس میں حال ہی میں ہونے والی یورپیئن چیمپئن شپ میں بہت کم ہی میدان میں بھیجا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Jieh
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Becker

لوکاس پوڈولسکی قبل ازیں جرمنی کی علاقائی ٹیموں کولون اور بائرن میونخ کے علاوہ آرسنل میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کی طرف سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان انسٹاگرام، فیس بُک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا گیا ہے: ’’میں قومی ٹیم کے کوچ کو مطلع کر چکا ہوں کہ میں نیشنل ٹیم میں کھیلنے کے لیے مزید دستیاب نہیں ہوں گا اور اس بات کا اطلاق فوری طور پر ہوتا ہے۔‘‘ اس پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ 31 برس کی عمر میں وہ اب اپنی بیوی اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

کولون کے ’یوتھ سسٹم‘ کے ذریعے فٹبال کی دنیا میں جگہ بنانے والے کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی نے جرمنی کی قومی ٹیم کی طرف سے 129 مرتبہ کھیلتے ہوئے 48 گول اسکور کیے۔ وہ جرمنی کی طرف سے تیسرے سب سے زیادہ مرتبہ کھیلنے والے اور گول اسکور کرنے کے حوالے سے چوتھے بہترین کھلاڑی ہیں۔

لوکاس پوڈولسکی نے جرمنی کی قومی ٹیم کی طرف سے 129 مرتبہ کھیلتے ہوئے 48 گول اسکور کیے
لوکاس پوڈولسکی نے جرمنی کی قومی ٹیم کی طرف سے 129 مرتبہ کھیلتے ہوئے 48 گول اسکور کیےتصویر: picture-alliance/dpa/dpaweb

انہوں نے جرمن ٹیم کی طرف سے پہلا میچ 2004ء میں کھیلا تھا جس کے بعد انہوں نے سات بڑے ٹورنامنٹوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ وہ 2014ء میں برازیل میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں بھی اُس جرمن ٹیم کا حصہ تھے جس نے یہ عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ جرمنی کی قومی ٹیم کی طرف سے اُن کی آخری پرفارمنس فرانس میں حال ہی میں ہونے والے یورو کپ کے میچوں میں تھی۔

پولوڈسکی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے، ’’یہ ایک مشکل فیصلہ تھا۔ قومی ٹیم ہمیشہ میرے دل کے قریب تھی اور قریب رہے گی۔ یورو کپ کے بعد ہونے والی چھٹیوں کے دوران میں نے محسوس کیا کہ میری زندگی کا فوکس اب تبدیل ہو گیا ہے۔ ہر چیز کے لیے وقت ہوتا ہے۔ اور میرا وقت قومی ٹیم کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔‘‘