1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستکینیڈا

پوپ کی کینیڈا کے مقامی باشندوں کے خلاف ’برائی‘ پر معافی

26 جولائی 2022

پوپ فرانسس نے کینیڈا میں کیتھولک چرچ کے زیر انتظام مقامی رہائشی اسکولوں کی ہولناکیوں پر معذرت کی۔ کینیڈین حکومت نے انیسویں اور بیسویں صدی کے دوران تقریباﹰ ڈیڑھ لاکھ مقامی بچوں کو ان کے خاندانوں سے دور کردیا تھا۔

https://p.dw.com/p/4Eeol
Papst-Reise nach Kanada
تصویر: Jason Franson/ZUMA Press/IMAGO

پوپ  نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور کینیڈا کی پہلی قدیمی مقامی خاتون گورنر جنرل میری مے سائمن سے بھی ملاقات کی۔

پیر کے روز پوپ کا پہلا پڑاؤ مسکواسیس شہر میں تھا جہاں ملک کے سب سے بڑے رہائشی اسکولوں میں سے ایک اسکول واقع ہے۔ پوپ نے وہاں ایک اندازےکے مطابق 15,000 افراد سے بات کی جن میں کینیڈا بھر کے سابق طلبا بھی شامل تھے۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے 'دکھ‘ کا اظہار کیا اور متاثرین سے درخواست کی کہ وہ کینیڈا کے قدیمی مقامی اسکول پروگرام میں کیتھولک چرچ کے کردار پر معافی، شفا اور مفاہمت پر عمل کریں۔ پاپائے روم نےکینیڈا کے مقامی بچوں کے ساتھ بدنام زمانہ بدسلوکی کی یاد میں محسوس ہونے والے 'غضب‘ اور 'شرم‘ پر بات کی۔  انہوں نے کہا کہ ''ميں معافی کا خواستگار ہوں۔ میں خاص طور پر ان طریقوں کے لیے معافی مانگتا ہوں جن سے کلیسیا اور مذہبی برادریوں کے بہت سے ارکان نے ثقافتی تباہی اور جبری گداگری کے منصوبوں میں اپنی بے اعتنائی کے ذریعے تعاون کیا۔‘‘

Kanada Edmonton | Besuch Papst Franziskus | Bitte um Entschuldigung, kirchliche Gewalt gegenüber Kindern
تصویر: Eric Gay/AP Photo/picture alliance

مقامی رہنماؤں کا  رد عمل

اس موقع پر موجود قدیمی مقامی رہنماؤں اور کیتھولک چرچ کی زیادتیاں سہہ کر بچ جانیوالوں نے پوپ کے الفاظ پر محتاط ردعمل ظاہر کیا ہے۔ قدیمی مقامی باشندوں کی مینی ٹوبا سرداروں کی  اسمبلی کے گرینڈ چیف کارنیل میکلین  نے کہا کہ ''معافی مانگنے سے ان لاپتہ بچوں کے درد میں کمی نہیں آتی جو کبھی گھر واپس نہیں آئے۔ تاہم ہم چرچ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ٹھوس وعدے اور حقیقی معاوضے دے کر مفاہمت کے جذبے کے تحت آگے بڑھے۔‘‘

کیتھولک چرچ کی بدسلوکی سہنے والےایک قدیمی مقامی وکیل ولٹن لٹل چائلڈ نے پوپ کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ ''آج صبح ہماری ملاقات اور جو الفاظ آپ نے ہمارے ساتھ شیئر کیے وہ آنے والی کئی نسلوں میں حقیقی شفا اور حقیقی امید کے ساتھ گونجیں گے۔‘‘ تاہم دوسرے چند رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پوپ نے وضاحت کے ساتھ ان مظالم کا ذکر نہیں کیا جو چرچ نے کینیڈا کے مقامی بچوں پر ڈھائے تھے۔

BdTD | Kanada
تصویر: Patrick T. Fallon/AFP

پوپ نے معافی کیوں مانگی؟

پوپ فرانسس نےکیتھولک مشنریوں کی جانب سے مقامی لوگوں کے ساتھ کی جانے والی "برائی" کے لیے کینیڈا کی سرزمین پر معافی مانگنے کے لیے اپنے ہفتے بھر کے دورے کو 'شفا اور مفاہمت‘ کی 'تپسیا‘ قرار دیا۔

کینیڈا: ایک اور سابقہ قبائلی اسکول میں اجتماعی قبریں دریافت

کینیڈین حکومت نے سن 1800 سے سن 1990 تک  کے درمیانی عرصے میں تقریباﹰ ڈیڑھ لاکھ مقامی بچوں کو ان کے خاندانوں سے دور کردیا تھا۔ انہیں کیتھولک بورڈنگ اسکول بھیجا گیا تھا۔ اِن بچوں کو مغربی ثقافت میں ضم ہونے پر مجبور کیا گیا اور بہت سے بچوں کو چرچ کے عملے کی طرف سے جسمانی تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

گزشتہ سال سے لے کر اب تک کیتھولک چرچ کے زیر انتظام سابق اسکولوں کے مقامات پر بے نشان قبروں میں سینکڑوں مقامی بچوں کی باقیات دریافت کی گئی ہیں۔کینیڈا کے قومی سچائی اور مفاہمتی کمیشن نے اس "ثقافتی نسل کشی" کی مذمت کی ہے۔

تاہم پوپ نے 'نسل کشی‘ کی اصطلاح استعمال کرنے سے گریز کیا اور اس کے بجائے اسکولوں میں 'ثقافتی تباہی‘ پر معذرت کی۔ پچاسی سالہ پوپ فرانسس روم واپس جانے سے قبل کینیڈا کے  دور ترین شمالی علاقے نوناوت کے دارالحکومت  اکالوئٹ میں  مقامی باشندوں کی انوئٹ کمیونٹی سے معافی مانگنے کے ساتھ اپنے دورے کا اختتام کریں گے۔

ش ر⁄ع آ (اے ایف پی، اے پی)