پولانسکی کی سوئس جیل سے ضمانت پر رہائی
5 دسمبر 2009پولانسکی امریکہ میں کئی سال پہلے ایک تیرہ سالہ لڑکی سمانتھا کے ساتھ جنسی رابطوں کے مرتکب ہوئے تھے جس پر وہ امریکہ میں اس لڑکی کی کم عمری کی وجہ سے جنسی زیادتی کے الزام میں ابھی تک پولیس کو مطلوب ہیں۔ عشروں پہلے وہ اپنی گرفتاری سے بچنے کے لئے امریکہ سے فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے تھے۔
پولانسکی کی چند ہفتہ قبل زیورخ میں ایک فلمی میلے میں شرکت کے لئے آمد کی اطلاع پر امریکی شہر لاس اینجلیز میں دفتر استغاثہ نے ان کے وارنٹ گرفتاری سوئس حکومت کو فراہم کر دئے تھے، جس کے بعد انہیں سوئٹزرلینڈ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ رومان پولانسکی نے سوئٹزرلینڈ سے اپنی امریکہ ملک بدری کے خلاف ایک عدالت میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
جمعہ کے روز زیورخ کی ایک عدالت نے ان کی اپیل پر کسی بھی فیصلے سے قبل، رومان پولانسکی کو ضمانت پر جیل سے تو رہا کر دیا، تاہم ساتھ ہی ان کی ان کے گھر پر نظر بندی کا حکم بھی جاری کر دیا۔
ان کو کلائی پر ایک ایسا الیکٹرانک آلہ پہنایا گیا ہے جو سوئس حکام کو ہر وقت ان کی نقل و حرکت سے مطلع رکھے گا۔ اگر انہوں نے اپنی نقل وحرکت کے ذریعے گھر پر اپنی نظربندی کے سلسلے میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی تو اس آلے کی مدد سے حکام کو خبر ہونے پر ان کی نظر بندی ممکنہ طور ضمانت کی منسوخی اور ان کی دوبارہ جیل منتقلی میں بھی بدلی جا سکے گی۔
سوئس حکومت کے ایک بیان کے مطابق رومان پولانسکی کو ان کی ملک بدری سے متعلق حتمی عدالتی فیصلے تک جن شرائط کے تحت جیل سے ان کے گھر منتقل کیا گیا ہے، ان کے تحت وہ سوئٹزرلینڈ کے ایک دیہی علاقے میں اپنی اس تعطیلاتی رہائش گاہ سے باہر نہیں نکل سکتے جہاں وہ فی الحال اپنے اہل خانہ کے ساتھ کچھ وقت گذارنا چاہتے ہیں۔
رومان پولانسکی کو جیل سے اپنی نجی رہائش گاہ منتقلی سے قبل اپنی جملہ سفری دستاویزات بھی سوئس حکام کے حوالے کرنا پڑیں جبکہ عدالت نے انہیں ساڑھے چار ملین امریکی ڈالر کے برابر زر ضمانت کے بعد عبوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم د یا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عابد حسین