پروٹیسٹنٹ تحریک کے پانچ سو سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز
31 اکتوبر 2016اصلاحات پسند پوپ فرانسس آج پروٹیسٹنٹ تحریک کے ریفارمیشن ڈے کی خصوصی تقریبات میں شرکت کے لیے جنوبی سویڈن کے شہر مالمو پہنچ گئے ہیں۔ آج ہونے والی تقریب کو پروٹیسٹنٹ اصلاحات کے پانچ سو مکمل ہونے کا آغاز خیال کیا گیا ہے۔ ساری دنیا میں اگلے برس کو پروٹیسٹنٹ عقیدے کے مسیحیوں نے تحریک کی پانچ سوویں سالگرہ کا سال قرار دیا گیا ہے۔
مالمو پہنچنے پر پوپ فرانسس کا استقبال سویڈن کے وزیراعظم اشٹیفان لوفوون نے کیا۔ آج کے دن کی خاص تقریب عالمگیر عیسائی اتحاد کی مظہر ہے اور اُس میں لوتھرین عقیدے کے سرکردہ پادریوں کے ہمراہ پوپ فرانسس بھی شریک ہوں گے۔ پوپ کے ساتھ لوتھرین ورلڈ فیڈریشن کے سربراہ بشپ منیب یونان بھی شریک ہوں گے۔ یہ تقریب سویڈن کے صوبے اسکانیا کے شہر لُنڈ میں واقع لوتھرین چرچ میں منعقد کی جائے گی۔ لوتھرین بشپ منیب یونان کا تعلق اردن سے ہے۔
عالمگیر مسیحی اتحاد کے اظہار کے طور پر پوپ فرانسس اور بشپ منیب یونان اپنے اپنے سینیئر پادریوں کے ہمراہ ایک بس پر سوار ہو کر لنڈ شہر پہنچے۔ اس شہر میں واقع قدیمی لوتھرین چرچ میں بڑی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اتحاد اُن کوششوں کو تقویت دے گا جو عراق اور شام میں کیتھولک اور پروٹیسٹنٹ مسیحیوں کو محفوظ اور بچانے کے لیے مشترکہ طور پر کی جا رہی ہیں۔
کل منگل کے روز پوپ سویڈش شہر مالمو کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں سویڈن کی کیتھولک عقیدے کی مذہبی اقلیت کی دعائیہ تقریب میں شریک ہوں گے۔ قبل ازیں سویڈش کیتھولک اس بات پر شاکی تھے کہ جیسے پوپ نے انہیں نظرانداز کر دیا ہے۔
اکتیس اکتوبر کی اہمیت یہ ہے کہ آج کے دن سن 1517 کو پروٹیسٹنٹ تحریک کے بانی مارٹن لوتھر نے مائنز اور ماگڈے برگ کے آرچ بشپ البرخٹ کو ایک خط تحریر کر کے مختلف معاملات پر اپنے احتجاج سے مطلع کیا تھا۔ یہی خط اور اُس کے ساتھ لف اعتراضات بعد میں مارٹن لوتھر کے ’پچانوے تھیسس‘ کے نام سے مشہور ہوئے تھے۔
آج ہی کے دن امریکی معاشرے میں خاص طور پر ہالووین کا تہوار منایا جاتا ہے۔ جرمنی کی مختلف ریاستوں میں اکتیس اکتوبر کو عام تعطیل ہوتی ہے اور کئی ریاستوں میں منعقدہ مذہبی اجتماعات میں پروٹیسٹنٹ تقریب کے لیڈروں کو خراج تحسین اور ہلاک ہونے والوں کو یاد کیا جاتا ہے۔