1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی کرکٹ کپتان محمد حفیظ مستعفی

امجد علی3 اپریل 2014

بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1BbQG
پاکستانی کرکٹ سٹار محمد حفیظ، جو اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں پروفیسر کے نام سے مشہور ہیں، آئندہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی قیادت نہیں کریں گے
پاکستانی کرکٹ سٹار محمد حفیظ، جو اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں پروفیسر کے نام سے مشہور ہیں، آئندہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی قیادت نہیں کریں گےتصویر: DW/T. Saeed

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محمد حفیظ نے جمعرات کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کی، جسے اُنہوں نے ایک خوشگوار ملاقات قرار دیا۔

صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے 33 سالہ محمد حفیظ نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کمزور کارکردگی کی تمام تر ذمے داری قبول کرتے ہیں اور یہ کہ مستعفی ہونے کا فیصلہ اُنہوں نے خود کیا ہے:’’مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے لیکن مجھے ذمے داری محسوس کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، اب ٹیم کی قیادت کون کرے گا، یہ فیصلہ کرنا اب پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کا کام ہے۔‘‘

محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ اپنی ملاقات کو خوشگوار قرار دیا
محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ اپنی ملاقات کو خوشگوار قرار دیاتصویر: Tariq saeed

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے منگل کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں پاکستان کو چوراسی رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا اور خود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ 2007ء کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ٹیم پاکستان 167 رنز کے تعاقب میں صرف بیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

کپتان کی حیثیت سے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان کی وَن ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے بھی مستعفی ہو رہے ہیں لیکن یہ کہ وہ تینوں فارمیٹس میں کسی بھی کپتان کی قیادت میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے حفیظ کے فیصلے کو سراہا لیکن یہ بات تسلیم کی کہ ٹیم بھرپور کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ معین خان نے کہا کہ کرکٹ شائقین کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور صرف ایک شکست پر پوری ٹیم کو رَد نہیں کر دینا چاہیے۔