1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے پھر میدان مار لیا

امجد علی30 مئی 2015

برطانوی باکسر عامر خان نے گزشتہ رات امریکی شہر نیویارک میں منعقدہ ایک ویلٹر ویٹ مقابلے میں امریکی باکسر کرِس ایلگیری کو ججوں کے متفقہ فیصلے کی رُو سے پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دے دی۔ یہ اُن کی مسلسل پانچویں فتح ہے۔

https://p.dw.com/p/1FZMT
Boxen Amir Khan v Chris Algieri
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خانتصویر: Reuters/A. Couldridge

اس طرح اُنتیس سالہ عامر خان نے اپنے ریکارڈ کو بہتر بنایا ہے، جس کی رُو سے اُس نے اب تک مجموعی طور پر اکتیس مقابلے جیتے ہیں جبکہ صرف تین میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دو ججوں نے ایلگیری کے 111 پوائنٹس کے مقابلے پر عامر خان کو 117 پوائنس دیے جبکہ ایک جج نے ایلگیری کے 113 پوائنس کے مقابلے پر عامر خان کو 115 پوائنس سے کامیاب قرار دیا۔

دوسری جانب اکتیس سالہ ایلگیری کے باکسنگ کیریئر کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ گزشتہ شب کی شکست سمیت اُسے اپنے کیریئر میں اب تک دو مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ بیس مقابلوں میں وہ فتح یاب رہا۔ ایلگیری کو گزشتہ سال نومبر میں مکاؤ میں منعقدہ ایک مقابلے میں فلپائن کے مَینی پکیاؤ کے ہاتھوں بھی شکست اٹھانا پڑی تھی۔

گزشتہ شب جیسے ہی عامر خان کو کامیاب قرار دیا گیا، اُس نے چِلاّ کر کہا:’’عامر خان فلائیڈ مے وَیدر سے مقابلہ کرنا چاہتا ہے۔ میری اگلی منزل یہی ہے۔ مَیں ورلڈ باکسنگ کونسل کا نمبر وَن (چیلنجر) ہوں۔ وہ چیمپئن ہیں۔ تو آئیے اس مقابلے کا اہتمام کریں۔‘‘

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عامر خان اور فلائیڈ مے وَیدر کے درمیان مقابلے کی بات کرنا آسان ہے تاہم اس مقابلے کا درحقیقت منعقد ہونا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ عامر خان گزشتہ سال مئی میں بھی یہ توقع کر رہا تھا کہ اُس کا مقابلہ مے وَیدر کے ساتھ ہو گا تاہم مے وَیدر نے عامر خان کی بجائے ارجنٹائن کے مارکوس میدانا کے ساتھ رِنگ میں اترنے کو ترجیح دی تھی۔

گزشتہ رات کے مقابلے میں آٹھویں راؤنڈ کے شروع میں امریکی باکسر نے اوپر تلے مُکے برساتے ہوئے طاقت کا مظاہرہ کیا تاہم مجموعی طور پر عامر خان کی پوزیشن زیادہ اچھی رہی اور وہ پورے مقابلے کے دوران ایلگیری کو خود سے فاصلے پر رکھنے میں کامیاب رہا۔

Manny Pacquiao
ایلگیری (بائیں) کو گزشتہ سال نومبر میں مکاؤ میں منعقدہ ایک مقابلے میں فلپائن کے مَینی پکیاؤ کے ہاتھوں بھی شکست اٹھانا پڑی تھیتصویر: Getty Images/C. Hyde

فتح کے بعد عامر خان کا کہنا تھا:’’وہ لڑنے کے لیے آیا تھا، جیتنا چاہتا تھا، اُس کا ہوم کراؤڈ بھی اُس کے ساتھ تھا لیکن مَیں یہاں جیتنے کے لیے آیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اُسے امریکی باکسر کو اُس کی سرزمین پر شکست سے دوچار کرنے کے لیے اپنے ’پلان بی‘ پر عمل کرنا پڑا۔

عامر خان نے کہا کہ بالآخر وہاں موجود تماشائیوں نے اُس کی ہمت بندھانا شروع کی، جس کی مدد سے وہ اس مقابلے کو انجام تک پہنچانے اور جیتنے میں کامیاب رہا:’’وہاں موجود کراؤڈ نے درحقیقت آخری تین راؤنڈز میں، جب کرِس مجھ پر زیادہ بھرپور حملے کر رہا تھا، میری زور شور کے ساتھ حوصلہ افزائی کی۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید