1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فلم نيو يارک ميں توجہ کا مرکز

10 اگست 2012

ان دنوں نيو یارک میں جاری فلم فیسٹیول میں ’لمحہ‘ نامی ايک پاکسانی فلم کو متعدد کیٹگریز میں ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جا چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/15niz
تصویر: Fotolia/Mike Liu

پاکستان کی فلمی صنعت سن 1970 کی دہائی کے بعد سے مسلسل زوال کا شکار رہی ہے۔ فلم بینوں اور فلمی نقادوں کے بقول يہ صنعت نہ صرف ٹیکنالوجی بلکہ موضوعات اور کردار نگاری کے حوالے سے بھی معیار کی نچلی سطح پر پہنچ گئی تھی۔ البتہ اب صورتحال کافی حد تک امید افزا ہے۔ شرمین عبید چنوئی کی دستاويزی فلم کو آسکر ایوارڈ ملنے کے علاوہ متعدد نوجوان پاکستانی پردڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی تیار کردہ فلموں کو اب عالمی سطح پر پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

امريکی شہر نيو یارک میں ان دنوں جاری فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم لمحہ کو کافی پسند کيا جا رہا ہے۔ نیویارک سٹی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اس فلم کو seedling کے نام سے اسکرینگ کے لئے پیش کیا گيا۔ یہ فلم آئس اينيميشن نامی کمپنی کے تعاون سے Bodhicitta Film Work کے بینر تلے بننے والی فیچر فلم ہے۔ فلم کے ہدایت کار منصور مجاہد ہیں جبکہ مہر جعفری نے فلم کی پروڈکشن کے فرائض انجام ديے ہيں۔ پاکستانی فلم کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی فلم کو نيو يارک کے اس فلمی میلے میں منتخب کیا گیا ہے۔

نیویارک روانگی سے قبل لمحہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فلم کی اسسٹنٹ پروڈیوسر سونیا نے بتایا کہ تکنیکی لحاظ سے یہ فلم ایک ڈرامہ ہے جس کی کہانی تین کرداروں کے گرد گھومتی ہے، ’اس فلم میں محب مرزا، آمنہ شیخ اور گوہر رشید نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ یہ کمرشل ریلیز کے لیے بنائی جانے والی فیچر فلم ہے۔ فلم کی کہانی ایسے تین کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو ایک بہت بڑے حادثے سے گزرتے ہیں اور یہ کوشش کرتے ہیں کہ اس حادثے کو اپنے پیچھے چھوڑ کر زندگی میں آگے بڑھیں‘۔

سونیا بتاتی ہیں کہ لمحہ فیسٹیول میں منتخب ہونے والی انیس فلموں کے ساتھ پانچ مختلف کیٹیگریز میں مقابلہ کرے گی۔ جن شعبوں میں اسے نامزد کیا گیا ہے ان میں بہترین فلم کے علاوہ بہترین اداکار کی کیٹیگری میں اداکار محب مرزا، بہترین اداکارہ آمنہ شیخ، بہترین معاون اداکار کے لیے گوہر رشید، بہترین ہدایت کار کے لیے منصور مجاہد اور بہترین اوریجنل اسکرین پلے کے لیے آسٹریلوی نژاد سمرز نک شامل ہیں، ’دو ہزار سے زائد فلموں میں ہماری فلم کو منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ ایک سو پچاس سے زائد فلموں میں سے لمحہ فلم اسکرینگ کے لیے منتخب کی گئی۔ ہمارے لیے یہ بہت بڑی بات ہے کہ کسی بین الاقوامی فیسٹیول میں ہم پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔‘

سونیا کے مطابق اس فلم کی ورلڈ پریمیئر کے لیے اسکرینگ دس اگست کو کی جا رہی ہے، ’اس کی دوسری اسکریننگ 14 اگست کو نیو یارک میں ہی کی جائے گی۔ 14 اگست چونکہ پاکستان کا يوم آزادی ہے، یہ نیو یارک میں رہائش پزیر پاکستانیوں کے لئے ایک دلچسپ اور پُرجوش موقع ہو گا کہ وہ يوم آزادی منانے کے ساتھ ہی بین الاقوامی فیسٹیول میں پاکستانی فلم کو بھی دیکھ سکیں۔‘

کیا پاکستانی فلمی شائقین کے لئے اس فلم کو پاکستان کے سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا؟ اس حوالے سے سونیا نے بتایا، ’ہماری کوشش ہے کہ لمحہ کو سن 2012 ميں اکتوبر يا نومبر میں پاکستانی شایقین کے لئے ریلیز کيا جائے۔‘

نیویارک میں جاری اس فیسٹیول کا آغاز 9 اگست سے ہو چکا ہے اور يہ 16 اگست تک جاری رہے گا۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت : عاصم سليم