پاکستانی طالبان کے خلاف کارروائی، 24 جنگجو ہلاک
17 اگست 2009اطلاعات کے مطابق یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب پیرکی صبح ملکی فضائیہ نے طا لبان باغیوں کے مبینہ ٹھکانوں پر حملے کئے۔
حکام کے مطابق ایک دوسرے واقعہ میں چارسدہ کے علاقے میں ایک پٹرول پمپ پر خودکش میں حملے میں 6 شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں دوبچے بھی شامل تھے۔ فوجی حکام کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں مینگورہ کے علاقے میں ایک خودکش حملہ آور نے چار فوجیوں کو زخمی کردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ فوجی اس مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرنا چاہتے تھے۔
اسی دوران مینگورہ سے 20 کلومیٹر دور کبل نامی گاؤں میں سیکیورٹی فورسز نے اتوار کی شب سات طالبان عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کردیا۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں اتوار کی شب طالبان کمانڈر مولوی نذیر کے ایک قافلے پر حملہ ہوا، جس میں 17 کے قریب عسکریت پسندوں ہلاک ہوئے۔
مولوی نذیر کے حامی طالبان عسکریت پسندوں یہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ محسود قبیلے کے گڑھ سالے روغہ سے گزر رہے تھے۔ عسکری ماہر ین کے مطابق بیت اللہ محسود کی گزشتہ مہینے امریکہ ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد طالبان قیادت میں خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ بیت اللہ کی ہلاکت کے بعد طالبان کمانڈروں میں تحریک طالبان پاکستان کی قیادت اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے شدید کشمکش جاری ہے، جس کے باعث طالبان کی صفوں میں انتشار پیدا ہورہا ہے۔
پاکستان ایئر فورس نے ہفتہ کے روز جنوبی وزیرستان میں بھی طالبان کے مبینہ ٹھکانوں پر حملے کئے تھے۔ فوجی حکام نے ان حملوں میں 16 سے زائد طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ 30 کو زخمی کرنے کا دعوٰی کیا، تاہم ان ہلاکتوں کی کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی تاہم وانا میں موجود پاکستانی حساس اداروں کے ایک افسر نے ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ: انعام حسن
ادارت: عاطف بلوچ