1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: پرتشدد انتخابی مہم جاری

28 اپریل 2013

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور جلسوں پر حملوں اور دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز صوبہ سندھ اور خیبر پختونخواہ میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ایک بچی سمیت 5 افراد ہلاک اور25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/18OQI
تصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے روز پاکستان کے ساحلی شہر اور مالیاتی مرکز کراچی میں اورنگی ٹاون کے علاقے کی قصبہ کالونی میں ساڑھے نو بجے کے قریب یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکہ متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ آفس جبکہ دوسرا ایک امام بارگاہ کے قریب ہوا۔ ان دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکوں کے علاقے میں برقی رو کی ترسیل بند ہوگئی، اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Pakistan Attentat Selbstmordanschlag
گیارہ مئی کے الیکشن کے لیے جاری کمپین کو پرتشدد خیال کیا جا رہا ہےتصویر: AFP/Getty Images

کراچی میں لیاری کے علاقے کمہار واڑہ میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عدنان بلوچ کے انتخابی جلسے میں ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور این اے 249 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار عزیز میمن ، صوبائی امیدوار عدنان بلوچ اور ان کے دو بھائیوں سمیت کئی افراد زخمی ہونے کا بتایا گیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی نے کراچی پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان حملوں کے کچھ دیر بعد کراچی ہی کی گلبہار کالونی میں سیاسی جماعت کے دفتر پر کریکر حملہ کیا گیا۔ جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Pakistan Karachi Explosion, 26.04.2013
سیاسی جلسوں کو پرتشدد واقعات کا سامنا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

اس طرح افغان بارڈر کے قریب واقع پاکستانی علاقے شمالی وزیرستان میں آزاد امیدوار کا انتخابی دفتر کو تباہ کردیا گیا ۔ شمالی وزیرستان کے مرکزی شہر میران شاہ میں این اے 40 سے آزاد امیدوار عقل زمان کے انتخابی دفتر میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے عمارت تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکومت سے حالیہ حملوں کی لہر اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسلام آباد حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات میں شریک امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ ایٹمی طاقت رکھنے ملک پاکستان کی ہنگامہ خیز تاریخ میں 11 مئی کے انتخابات کے بعد یہ منظر پہلی بار دیکھنے کو ملے گا جب عام انتخابات کے نتیجے میں ایک سویلین حکومت پر امن انداز میں اقتدار دوسری سویلین حکومت کو منتقل کرے گی۔

انتخابی مہم کو درپیش تمام خطرات کے باوجود پاکستانی الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں انتخابات ہر صورت میں مقررہ وقت پر ہوں گے۔

(zb/ah(AP,AFP