1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے بھارت کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی، نواز شریف

29 مئی 2024

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مبینہ طور اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہونے والے لاہور معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔ انہوں نے اس وقت کے بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ لاہور اعلامیہ پر دستخط کیے تھے۔

https://p.dw.com/p/4gOm0
 اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے سن 1991میں پاکستان کا دورہ کیا تھا
اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے سن 1991میں پاکستان کا دورہ کیا تھاتصویر: picture alliance/AP Photo/B.K. Bagash

 تین مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے والے نواز شریف منگل کے روز حکمراں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ دوبارہ صدر منتخب ہوجانے کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ چھ سال قبل پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں اپنے عہدے سے محروم ہونا پڑا تھا۔

گھر سے گھر تک: مسلم لیگ ن کی صدارت شہباز شریف سے لے کر نواز شریف کے حوالے

خیال رہے کہ اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے سن 1991 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 21 فروری 1991 کو ایک تاریخی سمٹ کے بعد نواز شریف اور واجپئی نے لاہور اعلامیہ پر دستخط کیے تھے، جسے 'لاہور معاہدہ ' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس معاہدے میں دونوں ملکوں کے درمیان امن اور استحکام کے ایک وسیع ویژن کی بات کہی گئی تھی اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا تھا۔ لیکن اس معاہدے کے چند ماہ بعد ہی پاکستان نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے کرگل ضلعے میں مبینہ طورپر اپنی فوج داخل کردی، جس کے نتیجے میں کارگل جنگ شروع ہو گئی۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف اس وقت پاکستان کے آرمی چیف تھے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق منگل کے روز نوا ز شریف نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا،" 28مئی 1998کو پاکستان نے پانچ جوہری تجربات کیے۔ اس کے بعد واجپئی صاحب یہاں آئے اور انہوں نے ہمارے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔ لیکن ہم نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی...   اور یہ ہماری غلطی تھی۔"

پاکستان نے چاغی کی پہاڑیوں میں جوہری تجربات کیے تھے
پاکستان نے چاغی کی پہاڑیوں میں جوہری تجربات کیے تھےتصویر: FAROOQ NAEEM/AFP/Getty Images

'امریکہ کے دباؤ کے باوجود جوہری تجربات کیے'

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس میں نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے امریکہ کے دباؤ کے باوجود جوہری تجربات کیے۔

دنیا پاکستان کو جوہری طاقت تسلیم کرے: وزیراعظم گیلانی

نواز شریف کا کہنا تھا،"صدر بل کلنٹن نے پاکستان کو ایٹمی تجربات کرنے سے روکنے کے لیے پانچ بلین ڈالر کی پیش کش کی تھی، لیکن میں نے انکار کردیا۔"  انہوں نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "اگر عمران خان جیسا شخص میری نشست پر ہوتا تو وہ کلنٹن کی پیش کش قبول کرلیتے۔"

خیال رہے کہ 28مئی کو پاکستان اپنے جوہری تجربات کی یاد میں 'یوم تکبیر' مناتا ہے اور کل منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ"یہ دن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں قومی اتحاد کی یاد دہانی کراتا ہے۔"

لاہورمعاہدے کے چند ماہ بعد ہی کارگل جنگ شروع ہو گئی تھی جس میں بھارت کے 527 فوجی ہلاک ہوئے تھے
لاہورمعاہدے کے چند ماہ بعد ہی کارگل جنگ شروع ہو گئی تھی جس میں بھارت کے 527 فوجی ہلاک ہوئے تھےتصویر: picture-alliance/AP/A. Rahi

عمران خان پر نکتہ چینی

چوہتر سالہ نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے تھے اور ان کی پارٹی کے کارکنوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان کے خلاف مقدمات درست ہیں۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو گرفتار کر لیا گیا

نواز شریف نے سن 2017 میں ان کی حکومت کو برطرف کرنے اور عمران خان کو اقتدار کی مسند پر بٹھانے میں اس وقت کے آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل ظہیر الاسلام کے کردار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس بات کی تردید کرسکتے ہیں کہ آئی ایس آئی نے انہیں لانچ نہیں کیا؟

تین بار کے وزیر اعظم نواز شریف نے جنرل اسلام کی جانب سے(2014میں) وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا پیغام موصول ہونے کی بات کی اور کہاکہ "جب میں نے انکار کیا تو مجھے عبرت کی مثال بنانے کی دھمکی دی گئی۔"

کارگل وار کی کہانی، دراس کے مقامی باشندوں کی زبانی

ج ا/  ص ز (خبر رساں ادارے)