1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیپاکستان

پاکستان میں اسامہ بن لادن کے 'قریبی ساتھی' گرفتار، پولیس

19 جولائی 2024

پولیس کے مطابق القاعدہ کے لیڈر امین الحق کے خلاف اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4iVRD
El Salvador Handschellen Festnahme Symbolbild
پاکستانی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے "قریبی ساتھی" امین الحق کو گرفتار کر لیا گیا ہےتصویر: Marvin Recinos/AFP/Getty Images

پاکستانی پولیس نے آج بروز جمعہ ایک بیان میں کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے بانی اور امریکہ میں 9/11 کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کے "قریبی ساتھی" امین الحق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبے پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کام کرنے والے پولیس محکمے (سی ٹی ڈی) کے ایک ترجمان نے آج جاری کردہ بیان میں کہا، "دہشت گردی کے خلاف ایک اہم پیش رفت میں سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر امین الحق کو گرفتار کر لیا ہے۔"

اس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ امین الحق کے خلاف صوبے میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں، بنجاب میں سی ٹی ڈی کے سربراہ عثمان اکرم گوندل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین امین الحق کا شمار اسامہ بن لادن کے ساتھی کے طور پر کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امین الحق افغانستان سے 2021ء میں نیٹو افواج کے انخلا کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے تھے اور وہ اگست میں افغانستان گئے تھے، جہاں انہیں نے القاعدہ کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششیں شروع کر دی تھیں۔

امین الحق ان افراد کی فہرست میں بھی شامل ہیں جن پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وہ افغانستان میں پیدا ہوئے تھے اور اسامہ بن لادن کے سکیورٹی کے حوالے سے رابطہ کار تھے۔

اسامہ بن لادن 2011ء میں پاکستان میں ایک امریکی حملے میں مارے گئے تھے۔

م ا ⁄ ش ر (روئٹرز، اے ایف پی)