پاکستان زلزلہ: متعدد ہلاکتیں، کئی سو زخمی
24 ستمبر 2019پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم کے میڈیا آفیسر سہیل ملک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،'' میر پور شہر کا زیادہ تر حصہ محفوظ رہا ہے۔ لیکن جہلم نہر کافی متاثر ہوئی، کلیال سیکٹر بھی متاثر ہوا ہے۔‘'
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میر پور شہر کی بعض سڑکوں میں بہت بڑی دراڑیں پڑ گئیں۔ کچھ گاڑیوں پر دیواریں گر گئیں جبکہ کئی بسیں اور گاڑیاں الٹ گئیں۔ سہیل ملک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ مقامی حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کو ریلیف پہنچانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل استعمال کرے گی۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجیمنٹ اتھارٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے نیوز ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ زلزلے سے زیادہ نقصان جہلم اور میر پور کے درمیانی علاقے میں ہوا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوجی امداد روانہ کر دی گئی ہے۔
پاکستان کے محکمہء موسمیات کے اسسٹنٹ میٹرولجسٹ داؤد خان نے زلزلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی شدت پانچھ اشاریہ آٹھ اور اس کی گہرائی دس کلو میٹر تک تھی۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم سے تیئس کلو میٹر شمال میں تھا اور یہ زلزلہ پچپن سیکنڈ جاری رہا۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 2005ء میں بدترین زلزلہ آیا تھا جس میں پچہتر ہزار سے زائد لوگ مارے گئے تھے۔ مرنے والوں میں بڑی تعداد اسکول کے بچوں کی تھی۔