1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیپاکستان

پاکستان: خود کش حملے میں نو پولیس اہلکار ہلاک، سولہ زخمی

6 مارچ 2023

پاکستانی حکام کے مطابق صوبہ بلوچستان میں ایک خود کش حملہ آور نے ایک پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اب تک کسی بھی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4OI4s
Pakistan Selbstmordattetat tötet pakistanische Polizisten
تصویر: MOHAMMAD ASLAM/AFP

پاکستانی حکام کے مطابق صوبہ بلوچستان میں پیر کو خود کش حملے میں نو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو  گئے ہیں۔

اعلیٰ پولیس اہلکار عبدالحئی عامر نے خبر رساں ادارے  اے ایف پی کو بتایا، ''خود کش حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور وہ ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرایا۔‘‘

پاکستان کیوں انتہاپسندی سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر پا رہا؟

ضلع کچھی کے پولیس چیف محمود نوٹزئی نے ای ایف پی کو بتایا کہ متاثرہ پولیس اہلکاروں کو مویشیوں کے ایک شو کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور وہ سات روزہ کیٹل شو کے اختتام پر واپس لوٹ رہے تھے۔

یہ واقعہ بلوچستان کے ضلع کچھی کے قریب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے 120 کلومیٹر دور دھادر میں پیش آیا۔ حملے کے بعد کی تصاویر میں نشانہ بنائے گئی پولیس گاڑی کو سڑک پر الٹا پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

اب تک کسی بھی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

اس حملے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا، ''بلوچستان میں دہشت گردی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے۔‘‘

کیا پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک اور جنگ کی طرف جا رہا ہے؟

پاکستانی سکیورٹی فورسز کئی برسوں سے بلوچستان میں تحریک طالبان پاکستان کے حملوں اور علیحدگی پسند بلوچ عسکریت پسند گروپوں کی جانب سے جاری شورش سے نبرد آزما ہیں۔ عسکریت پسند بلوچستان کے وسائل میں اپنے لیے ایک بڑے حصے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ اسلام آباد حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں کرنے والے گروپوں کو بیرونی ممالک کی امداد حاصل ہے۔

 م ا / ا ا (اے ایف پی)