1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان تو سیمی فائنل میں لیکن بھارت کا کیا ہو گا؟

2 نومبر 2021

گروپ ٹو میں آج پاکستان کا میچ نمیبیا سے ہے، جس میں کامیابی سے پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی ہو جائے گی لیکن سوال یہ ہے کہ بھارت کا کیا بنے گا؟ ادھر گروپ ون میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔

https://p.dw.com/p/42Tf8
West Indies v India - ICC Cricket World Cup 2019
تصویر: Getty Images/D. Sarkar

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم منگل کے دن اپنے چوتھے گروپ میچ میں نمیبیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے اس میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لے گی۔ ناقدین کے بقول پاکستان کے لیے میچ ایک آسان مقابلہ ثابت ہو گا تاہم کرکٹ کے اس فارمیٹ میں حتمی طور پر کسی ٹیم کے بارے میں مصدقہ پیشن گوئی نہیں کی جا سکتی۔

دوسری طرف اس گروپ میں شامل بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ اب اس کا سیمی فائنل تک پہنچنا ایک مشکل مرحلہ معلوم ہو رہا ہے۔ تاہم اگر بھارت اپنے باقی کے تینوں میچ جیت جاتا ہے تو اسے ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کے لیے دوسری ٹیموں کے پوائنٹس پر انحصار کرنا ہو گا۔ بھارت کے لیے صورتحال کچھ ویسی ہی ہے، جیسا بانوے کے عالمی کپ میں پاکستان کی تھی۔

بھارت کا میچ اب افغانستان سے ہے۔ بھارتی ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور کے مطابق ان کا فوکس صرف میچ جیتنے پر ہے، یہ بعد میں دیکھا جائے گا کہ گروپ میں پوائنٹس کی صورتحال کیا بنتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایسے اندازے نہیں لگا رہے کہ کون کس کو ہرائے اور کون کس سے جیتے تو بھارت سیمی فائنل تک جا سکتا ہے۔ اس وقت لیکن کرکٹ پنڈتوں کے مطابق اس گروپ سے نیوزی لینڈ کے آگے جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔

گروپ ون میں انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اپنے چوتھے میچ میں انگلش ٹیم نے سری لنکا کو مات دی اور ابھی تک وہ اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے۔ سری لنکا کے خلاف جوس بٹلر نے شاندار سنچری کی اور یوں وہ ایسے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے تینوں فارمیٹس (ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی) میں سنچریاں اسکور کیں ہیں۔

منگل کے دن جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں جنوبی افریقی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بظاہر جنوبی افریقہ کی ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کرتی نظر آ رہی ہے۔ یوں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گروپ ون میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی دوسری ٹیم جنوبی افریقہ ہی ہو  گی کیونکہ جنوبی افریقہ کا نیٹ رن ریٹ آسٹریلیا سے بہت بہتر ہے۔

تاہم پوائنٹس ٹیبل پر فائنل صورتحال کیا ہو گی، اس کا علم گروپ اسٹیج مکمل ہونے کے بعد ہی ہو گا۔ توقع ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل جنوبی افریقہ سے ہو گا جبکہ انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کے ساتھ۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں