پاکستان ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں
14 مئی 2009پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سہیل عباس کے ضائع کیے گئے چار پنالٹی کارنر بھی ملائشیا کے کسی کام نہیں آسکے ۔ آزمودہ کار رائٹ آئوٹ ریحان بٹ نے دو گول کرکے گرین شرٹس کی فتح میں کلید ی کردار ادا کیا ۔ حسیم خان اور اختر علی نے ایک ایک گول کیا۔
ملائشیا کے دونوں گول ابو سمائیل نے بنائے۔ پاکستانی کوچ شاہد علی خان نے فتح کا سہرا ٹیم اسپرٹ کے سر باندھتے ہوے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ تمام کھلاڑیوں نے جان لڑا ئی اور یہ پاکستان ہاکی کے لئے خوش آئند فتح ہے۔
فائنل میں پاکستانی ٹیم کا سامنا جنوبی کوریا کی خطرناک ٹیم سے ہوگا جس نے اس سے قبل یہاں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں چین کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔ گز شتہ ٹورنامنٹ کی رنر اپ جنوبی کوریا کے یوہو سک نے دو فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ کم بیانگ ہون،جن کیونگ من اور ہیون ہائی سنگ بھی اسکور کرنے والوں میں شامل تھے۔
چین کا واحد گول 11ویں منٹ میں ہوا۔پاکستان اور جنو بی کوریا کی ٹیمیں دس برس بعد ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ ہفتے کو برپا ہوگا۔
اس سے پہلے جمعرات کی صبح کھیلے گئے کلاسیفیکیشن میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت نے بے بی آف ہاکی بنگلہ دیش کو 11-1 سے ہرا دیا۔بھار ت کی جانب سے کپتان سندیپ سنگھ ، سردار سنگھ اور ایس وی سنیل نے دو دو گول اسکور کیے۔بھارتی ٹیم اب پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں جمعہ کو جاپان کے مدمقابل ہوگی۔