1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ سیریز مؤخر

24 اگست 2021

افغان کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور کابل کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلے جانے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز مؤخر کر دی گئی ہے۔ اب اسے سن 2022 میں پلان کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3zPjT
Asia Cup Cricket | Afghanistan vs. Bangladesch
تصویر: Getty Images/AFP/I.S. Kodikara

افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی کہ تین ستمبر سے شروع ہونے والی پاک افغان کرکٹ سیریز کو سن دو ہزار بائیس تک ملتوی کر دیا جائے۔ اس سیریز کے سلسلے میں تینوں میچ سری لنکا کے جنوبی صوبے ہامبانتوتا میں کھیلے جانا تھے۔

قبل ازیں افغان کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ یہ سیریز پروگرام کے مطابق کھیلی جائے گی جبکہ افغان قومی کرکٹ ٹیم نے طالبان کے قبضے کے بعد بھی کابل کے اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا۔

کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر افراتفری اور مسافر پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے افغان کرکٹ بورڈ نے پلان بی کے تحت منصوبہ بنایا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پہلے پاکستان جائیں گے، جہاں سے وہ  دبئی کے رستے سری لنکا جائیں گے۔

تاہم افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سری لنکا میں کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں افغان کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کو مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد افغان کھلاڑیوں کی ذہنی صحت، کابل میں مسافر پروازوں کی منسوخ اور سری لنکا میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ اس سیریز کو مؤخر کرنے کی وجہ بنا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے بی سی) کی درخواست پر اس سیریز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک اب سن دو ہزار بائیس میں اس سیریز کو کرانے کی کوشش کریں گے۔

جب طالبان انتہا پسندوں نے سن انیس سو چھیانوے میں پہلی مرتبہ افغانستان پر قبضہ کیا تھا تو تمام کھیلوں کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔ اس بنیاد پرست گروہ کا ماننا ہے کہ کھیل دراصل دین سے دوری کا باعث بنتے ہیں۔

تاہم طالبان جنگجوؤں نے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کہا تھا کہ وہ مردوں کی کرکٹ ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ تاہم انہوں نے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ع ب/ ک م / (خبر رساں ادارے)

طالبان کے قبضے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کی اولین پریکٹس