1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ وارم اپ میچز: پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست

Afsar Awan17 ستمبر 2012

چوتھا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 18 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں وارم اپ میچوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والا وارم اپ میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/16AXj
تصویر: DW

کولمبو میں کھیلے جانے والے اس وارم اپ میچ میں بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دھونی کا یہ فیصلہ مکمل طور پر اس وقت بھارت کے حق میں محسوس ہوا جب بھارتی کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں محض تین وکٹوں کے نقصان پر شاندار 185 رنز اسکور کر لیے۔ بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 47 گیندوں پر 75 رنز اسکور کیے جب کہ روہیت شرما نے 40 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔

شاہد خان آفریدی آج کے میچ میں بھی باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہے
شاہد خان آفریدی آج کے میچ میں بھی باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہےتصویر: AP

پاکستانی بولرز کا جادو بظاہر اس میچ میں کچھ زیادہ نہ چل سکا۔ سعید اجمل دو جب کہ عمر گُل نے محض ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

پاکستانی بیٹنگ کا آغاز بھی کافی بہتر انداز میں ہوا۔ مگر یہ میچ اس وقت پاکستان کے ہاتھ سے جاتا ہوا محسوس ہوا جب 30 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستانی اوپنر عمران نزیر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ابھی پاکستان کا اسکور محض تین رنز ہی آگے بڑھ پایا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین ناصر جمشید بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

شعیب ملک نے اس موقع پر کامران اکمل کے ساتھ مل کر ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 18 گیندوں پر 37 رنز اسکور کرکے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرایا
شعیب ملک نے اس موقع پر کامران اکمل کے ساتھ مل کر ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 18 گیندوں پر 37 رنز اسکور کرکے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرایاتصویر: AP

ناصر جمشید کے بعد پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کریز پر پہنچے اور وہ درست معنوں میں آج کے میچ کے سپر اسٹار بن گئے۔ کامران اکمل نے 50 گیندوں پر 92 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے دوسری بہترین پرفارمنس سابق کپتان شعیب ملک کی رہی۔ شاہد خان آفریدی کے بغیر کوئی رن بنائے اور عمر اکمل کے محض دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے سے میچ پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا دکھائی دیا۔ شعیب ملک نے اس موقع پر کامران اکمل کے ساتھ مل کر ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 18 گیندوں پر 37 رنز اسکور کرکے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ پاکستانی ٹیم نے 20ویں اوور کی دوسری ہی گیند پر 186 رنز بنا کر یہ میچ اپنے نام کر لیا۔

سری لنکا میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 18 ستمبر کو میزبان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل سات اکتوبر کو ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: شامل شمس