1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

عدنان اسحاق23 مارچ 2014

آج بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو16 رنز سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

https://p.dw.com/p/1BUYK
تصویر: Reuters

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلی وکٹ سات رنز کے اسکور پر احمد شہزاد کی گری۔ وہ پانچ رنز بنا کر بولنجر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر کپتان عبدالحفیظ بھی اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور محض 13 رنز بنا کر واٹسن کی بال پر بولڈ ہو گئے۔

اس صورتحال میں اکمل برادران نے پاکستان کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ عمر اکمل نے 28 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کامران اکمل 31 بالوں پر اکتیس رنز بنا کر کولٹر نائل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بھائیوں نے پاکستان کے اسکور میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی چوتھی گرنے والی وکٹ صہیب مقصود کی تھی، وہ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عمر اکمل 94 رنز بنانے کے بعد اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ یہ کسی بھی ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمر اکمل کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور تھا۔ شاہد آفریدی نے بغیر وکٹ گنوائے بیس رنز اسکور کیے۔

بعد ازاں آسٹریلیا کا آغاز بھی کوئی اچھا نہ تھا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چار رنز پر گری جب وارنر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ آٹھ رنز پر واٹسن کی گری۔ دونوں کھلاڑیوں کو ذوالفقار بابر نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد کریز پر موجود فنچ اور میکسویل نے پاکستانی بالروں کی خوب دھنائی کی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے میدان کے چاروں اطراف اسٹروک کھیلتے ہوئے انتہائی تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا۔ میکسویل 33 بالوں پر 74 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ احمد شہزاد نے پکڑا۔

میچ کا پانسہ اس وقت پاکستان کے حق میں پلٹا، جب سعید اجمل نے فنچ کو بولڈ کر دیا۔ فنچ نے 65 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد کوئی بھی آسٹریلوی کھلاڑی پاکستانی بالرز کے سامنے ٹک نہ سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور بیس ویں اوور کی آخری گیند پر آخری آسٹریلوی کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گیا۔ اس طرح پوری آسٹریلوی ٹیم 175 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل، شاہد آفریدی ، ذوالفقار بابر اور بلاول بھٹی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کا یہ پہلا میچ تھا جبکہ پاکستان جمعے کو بھارت سے شکست کھا چکا ہے۔