1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان کے نام

Afsar Awan4 مارچ 2013

جنوبی افریقہ کے دورے پر پہنچی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اتوار کے روز کھیلے جانے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کو 95 رنز سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/17pdx
تصویر: Reuters

دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم مارچ کو ڈربن میں کھیلا جانا تھا تاہم بارش کے باعث یہ میچ نہیں ہو سکا تھا۔ اس لیے پاکستان نے اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی یہ سیریز میں بھی اپنے نام کر لی ہے۔

قبل ازیں اس دورے کے دوران کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں میزبان جنوبی افریقہ نے پاکستانی ٹیم کو تمام میچز میں شکست دے کر وائٹ واش کر دیا تھا۔ ناقص کارکردگی اور بری طرح شکست سے دو چار ہونے پر پاکستانی شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

عمر گُل نے حیران کن بولنگ کرتے ہوئے 2.2 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور صرف چھ رنز دیے
عمر گُل نے حیران کن بولنگ کرتے ہوئے 2.2 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور صرف چھ رنز دیےتصویر: DW

سنچورین میں اتوار تین مارچ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ ٹیم کے حق میں ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ کپتان محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 رنز اسکور کیے۔ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین اوپنر احمد شہزاد رہے۔ انہوں نے 46 رنز بنائے۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کے بعد بولرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاسٹ بولر عمر گُل اور محمد حفیظ نے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو گویا باندھ کر رکھ دیا۔ عمر گُل نے حیران کن بولنگ کرتے ہوئے 2.2 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور صرف چھ رنز دیے۔ محمد حفیظ نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اوورز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان اور جنید خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

شاندار بیٹنگ اور بولنگ کے اعتراف میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گی
شاندار بیٹنگ اور بولنگ کے اعتراف میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیتصویر: AP

جنوبی افریقہ کی ٹیم 12.2 اوورز میں محض 100 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ 36 رنز اوپنر بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے بنائے۔

شاندار بیٹنگ اور بولنگ کے اعتراف میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی جانی ہے۔ پہلا میچ اتوار 10 مارچ کو بلومفیلڈ میں ہو گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل