1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ: پاکستان کی امریکہ سے شکست پر دلچسپ تبصرے

7 جون 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ کے ایک گروپ میچ میں کل نوآموز امریکی ٹیم نے تجربہ کار پاکستانی ٹیم کو سپر اوور میں ہرادیا۔ سابق کرکٹرز، تجزیہ کار اور مداح سبھی پاکستان کی شکست پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4gl9W
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ   پاکستان   امریکہ
جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ کے نتائج کو اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہےتصویر: Andrew Caballero-Reynolds/AFP/Getty Images

ڈلاس کے گرینڈ پریئرے اسٹیڈیم میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ کے نتائج کو اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں امریکہ نے آخری گیند پر چوکا لگا کر میچ برابر کر دیا۔ میچ برابر ہونے پر سپر اوور میں چلا گیا، جہاں امریکہ نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ امریکہ میں کیوں ہو رہا ہے؟

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوا سکتے ہیں؟

سپر اوور میں امریکہ نے پہلے کھیلتے ہوئے ایک اوور میں 18 رنز بنائے، جسے پاکستان حاصل نہ کر سکا۔ امریکہ اس کامیابی کے بعد گروپ میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس نے دو جون کو افتتاحی میچ میں کینیڈا کو ہرایا تھا۔ پاکستان کا مقابلہ اب نو جون کو دیرینہ حریف بھارت سے ہو گا۔

سال 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں رنرز اپ اور سنہ 2009 میں چیمپیئن پاکستان کی اس شکست پر سابق کرکٹرز، کرکٹ کے ماہرین اور عام مداح حیرت اور مایوسی کا اظہار کررہے ہیں اور اس کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

پاکستانی کھلاڑی شاداب خان
پاکستانی کھلاڑی شاداب خان کے آوٹ ہونے پر امریکی کھلاڑی خوشیاں مناتے ہوئےتصویر: Andrew Caballero-Reynolds/AFP/Getty Images

'مایوس کن اور افسوس ناک'

پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے پاکستانی ٹیم کی شکست پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے مایوس کن شکست ہے۔ امریکہ سے شکست کھاکر ہم نے سنہ 1999کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش سے شکست کی تاریخ دہرائی ہے۔

بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان بھی سیاست میں آ گئے‌

شعیب اختر کا کہنا تھا،"بدقسمتی سے پاکستان جیتنے کا حقدار کبھی تھا ہی نہیں۔ وجہ یہ ہے کہ امریکہ نے بہت اچھا کھیلا۔ ہمیشہ کمانڈنگ پوزیشن میں رہا۔"

 سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، میں سو چ رہا تھا کہ یہ میچ پاکستان بمقابلہ امریکہ ہو رہا ہے لیکن میچ کا اختتام پینکستان (Panicstan) بمقابلہ امریکہ ہو گیا۔" سابق بھارتی کرکٹر ویریندر سہواگ نے اسے امریکی کرکٹ کے لیے ایک شاندار دن قرار دیا۔

سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے کہا کہ میچ کے نتیجے سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نئی جان پڑ گئی ہے۔ "کون سوچ سکتا تھا کہ امریکہ پاکستان کو ہرا دے گا۔ لیکن اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بہتر ٹیم ہی جیتتی ہے۔" عرفان پٹھان نے اسے ایک نئی تاریخ رقم کیے جانے کا واقعہ قرار دیا۔

'امریکی سازش'

پاکستانی مداحوں نے پاکستان کی شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے تقریباً روتے ہوئے کہا،"ہم تو پاکستان کے لیے اپنا دل بچھائے رہتے ہیں لیکن انہوں نے ہمارا دل توڑ دیا۔ آخر وہ کب تک ہمارا دل توڑتے رہیں گے۔"

بعض لوگوں نے طنزیہ تبصرے بھی کیے ہیں۔ معروف پاکستانی صحافی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ایکس پر اپنے پوسٹ میں لکھا،"ایک اور امریکی سازش کامیاب!  پاکستان بمقابلہ امریکہ۔"

ایک صارف نے ایکس پر لکھا،"پاکستان امریکہ کے قرض کو واپس لوٹانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔"

کسی کو توقع نہیں تھی کہ پاکستان امریکہ کی نو آموز ٹیم سے ہار جائے گا۔ اس گروپ میں دیگر ٹیمیں کینیڈا اور آئرلینڈ کی ہیں۔ لیکن امریکہ سے شکست نے پاکستان کے لیے صورت حال پیچیدہ بنادیا ہے کیونکہ گروپ سے صرف دو ٹیمیں ہی سپر آٹھ اسٹیج میں جاسکتی ہیں۔

بابر اعظم
بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اگلے میچوں میں حالات اس سے مختلف ہوں گےتصویر: R. Statish Babu/AFP/Getty Images

بابر اعظم نے کیا کہا؟

شکست سے واضح طورپر مایوس پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا،"ہم مواقع کا فائدہ نہیں اٹھاسکے لیکن انہوں (امریکیوں) نے ہر موقع کا فائدہ اٹھایا۔ بیٹنگ یونٹ کے طور پر آپ کو پارٹنر شپ بنانی پڑتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں کر سکے۔" انہوں نے کہا کہ "امریکی جیت کے حقدار تھے کیونکہ انہوں نے اچھا کھیلا۔ وہ گیم کے تمام شعبوں میں ہم سے کہیں زیادہ بہتر تھے۔"

بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اگلے میچوں میں حالات اس سے مختلف ہوں گے۔ "ابھی یہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ ہیں اور ہم یقیناً اس میں واپس لوٹیں گے۔"

امریکی کپتان بھارتی نژاد مونانک پٹیل نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا،"پاکستان کو شکست دینا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں اور ہم نے جس طرح کھیلا اس پر مجھے فخر ہے۔"

ج ا/ ص ز (خبر رساں ادارے)