1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز جنوبی افریقہ کے نام

28 اکتوبر 2010

جنوبی افریقہ نے ابوظہبی میں کھیلی گئی دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے شکست دے دی ہے۔ دوسرا میچ بھی جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے جیتا۔

https://p.dw.com/p/Pqcs
اوپنر گریم سمتھ نے اڑتیس رنز بنائےتصویر: AP

ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں بھی پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم اپنی حریف ٹیم کو کوئی خاص اور مناسب ہدف دینے میں ان کی ٹیم ناکام رہی۔

پاکستان کی ساری ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 120 رنز ہی بنا سکی۔ اس میچ میں بھی پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز مصباح الحق رہے، جنہوں نے اڑتیس گیندوں پر33 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالرزاق نے پچیس، وکٹ کیپر بیٹمسن ذوالقرنین حیدر نے سترہ جبکہ محمد حفیظ نے چودہ رنز بنائے۔

Abdul Razzaq
عبدالرزاق نے اپنے روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے پچیس رنز بنائےتصویر: AP

جنوبی افریقہ کی طرف سے کامیاب ترین بولر تھیرون رہے، جنہوں نے چار اوورز میں ستائیس رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا۔ گزشتہ میچ میں عمدہ بولنگ کرنے والے سیاہ فام فاسٹ بولر ٹسوبے نے اس میچ میں بھی اعلیٰ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مورکل برادران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جب جنوبی افریقہ نے ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر گریم سمتھ نے اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغازمہیا کیا، انہوں نے 38 رنز بنائے۔ گزشتہ میچ میں عمدہ کھیل دکھانے والے جے پی ڈومینی اور کولن انگرام نے اس مرتبہ بھی اچھی اننگز کھیلی، انہوں نے بالتریب بیس اور اکتیس رنز بنائے۔

پاکستانی سپنرز نے اچھی بولنگ کی تاہم جنوبی افریقہ نے ایک آسان ہدف بغیر کسی بڑی مشکل کے حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ نے 125 رنز بنائے اوراس کے صرف چار کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی، شعیب اختر، محمد حفیظ اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی جنوبی افریقہ کے تھیرون جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی جنوبی افریقہ کے ان میچوں کے لئے کپتان بوتھا قرار پائے۔

پاکستان اورجنوبی افریقہ اس سیریز کے دوران پانچ ایک روزہ میچ اوردو ٹیسٹ میچ بھی کھیلیں گے۔ پہلا ون ڈے میچ ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں انتیس اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں