1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹرویلے وزیرخارجہ کے عہدے پر برقرار رہنے کے متمنی

4 اپریل 2011

فری ڈيموکريٹک پارٹی کی زبردست شکست کے ايک ہفتے بعد ہی پارٹی کے چیئرمين، نائب چانسلر اور وزير خارجہ ويسٹر ويلے نے پارٹی چيرمين کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر ديا ہے۔ ليکن وہ وزير خارجہ کا عہدہ برقرار رکھنا چاہتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/10n9K
تصویر: picture alliance/dpa

گيڈو ويسٹر ويلے 10 سال تک فری ڈيمو کريٹک پارٹی ايف ڈی پی کے چئرمين رہے۔ اب انہوں نے پارٹی کے اس سب سے بڑے عہدے سے استعفی دينے کا اعلان کر ديا ہے۔ جرمنی کے دو وفاقی صوبوں ميں ہونے والے پارليمانی انتخابات ميں فری ڈيموکريٹک پارٹی کی زبردست شکست کے بعد پارٹی کی قیادت چھوڑنے کے حوالے سے ان پر دباؤ ميں بہت زيادہ اضافہ ہو گيا تھا۔ يہ دباؤ اتنا بڑھ چکا تھا کہ وہ پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس تک کا بھی انتظار نہيں کرسکتے تھے، جو آج ہو رہا ہے۔

جرمن وزير خارجہ گیڈو ويسٹر ويلے اتوار تین اپریل کی شام برلن ميں اچانک صحافيوں کے سامنے نمودار ہوئے اور انہوں نے کہا: ’’ميں 10 سال تک پارٹی کا چیئرمين رہنے کے بعد مئی ميں ہونے والے پارٹی کے وفاقی اجلاس ميں دوبارہ چیئرمين کے عہدے کا اميد وار نہيں بنوں گا۔ ميں آپ سے يہ کہہ سکتا ہوں کہ يہ فيصلہ ميرے لیے ايک طرف تو دشوار اور دوسری طرف آسان بھی ہے۔ دشوار اس لیے کہ 10 سال تک پارٹی چیئرمين کے فرائض انجام دينے کے دوران آدمی دل سے اپنے کام سے جڑ جاتا ہے۔ آسان اس لیے کہ بہت سے جوان افراد ايف ڈی پی کی قيادت سنبھالنے کے لیے تيار کھڑے ہيں۔‘‘

Westerwelle / Rückzug / FDP / NO-FLASH
گيڈو ويسٹر ويلے 10 سال تک فری ڈيمو کريٹک پارٹی ايف ڈی پی کے چئرمين رہےتصویر: dapd

وزير خارجہ ويسٹر ويلے کل اتوار کی صبح ہی اپنے ايشيا کے دورے سے واپس آئے تھے۔ جاپان اور چين ميں قيام کے دوران انہيں يہ خبريں مل رہی تھيں کہ ملک ميں ان کے پارٹی چیئرمين کے عہدے سے مستعفی ہونے کے مطالبات زور پکڑتے جارہے ہیں۔ پارٹی ميں اُن کے انتہائی وفادار ساتھی بھی ان سے منہ موڑ رہے تھے ليکن پارٹی کے نوجوان سياستدان ان پر نکتہ چينی ميں پيش پيش تھے۔

ويسٹر ويلے پر خاصے عرصے سے دباؤ تھا، ليکن ايک ہفتے قبل ملک کے دو صوبوں ميں انتخابات میں ايف ڈی پی کی زبردست شکست کے بعد اس دباؤ ميں نماياں اضافہ ہوگيا تھا۔

ويسٹر ويلے وزير خارجہ کے عہدے پر برقرار رہنا چاہتے ہيں اور اس کے لیے انہيں پارٹی ميں اپنے ناقدين تک کی حمايت بھی حاصل ہے، جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے لیے بہت قيمتی خدمات انجام دی ہيں اور ايف ڈی پی کو ان کا مشکورہونا چاہيے۔ وہ ايک اچھے وزير خارجہ ہيں۔ تاہم انہوں نے آج کہا کہ اگر پارٹی کا اگلا چیئرمين کابينہ کا رکن ہوگا تو وہ نائب چانسلر بھی ہوگا۔ ايف ڈی پی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پارٹی کے چیئرمين کے بارے ميں حتمی فيصلہ منگل پانچ اپريل کو کيا جائے گا۔

نئے چیئرميں غالباً فلپ روئسلر ہوں گے۔ وہ ويت نام ميں پيدا ہوئے تھے اور ايک جرمن جوڑے نے انہيں دوران جنگ يتيم ہوجانے کے بعد گود لے ليا تھا۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید