1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست کا سلسلہ جاری

افسر اعوان9 فروری 2014

نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچی بھارتی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھی میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہو گئی ہے۔ ون ڈے سیریز میں بھی نیوزی لینڈ نے بھارت کو چار صفر سے شکست دی تھی۔

https://p.dw.com/p/1B5ew
تصویر: Getty Images

نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ نیل واگنر کی طرف سے شاندار بولنگ کے باعث چوتھے دن چائے کے وقفے کے کچھ دیر بعد ہی ہوگیا۔

ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کی بھرپور کوشش تھی کہ وہ پہلا ٹیسٹ جیت کر نہ صرف اپنا مورال بلند کر سکے بلکہ اپنی پرفارمنس کے حوالے سے ملک کے اندر بڑھتی ہوئی تنقید کا راستہ بھی روک سکے۔ آج اتوار نو فروری کو میچ کے چوتھے دن واگنر کی شاندار پرفارمنس سے قبل نہ صرف بھارتی ٹیم بلکہ شائقین کا بھی یہی خیال تھا کہ بھارت یہ میچ جیت جائے گا تاہم قسمت نے یاوری نہ کی اور بھارتی ٹیم کی شکست کا سلسلہ طول پکڑ گیا۔

لنچ سے قبل واگنر نے کوہلی کو 67 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا
لنچ سے قبل واگنر نے کوہلی کو 67 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیاتصویر: AP

نیل واگنر کا شکار ہونے والوں میں ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون بھی شامل تھے۔ لنچ سے قبل واگنر نے کوہلی کو 67 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔ ان کا اگلا نشانہ شیکھر دھاون بنے جو آؤٹ ہونے سے قبل 115 رنز بنا چکے تھے۔ ان دونوں بیٹسمینوں کی عمدہ پرفارمنس کے باعث ہر ایک کو یقین ہو چلا تھا کہ میچ کا فیصلہ بھارت ہی کے حق میں ہو گا۔

ایڈن پارک میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ کے لیے ٹاس بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے جیتا اور میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ ٹیم نے اس موقع کو دعوت کی طرح ہی اڑایا اور مہمان ٹیم کے لیے پہلی اننگز میں ہی 503 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ برینڈم میکلم 224 رنز جبکہ کین ولیمسن 113 رنز کے ساتھ نمایاں ترین بیٹسمین رہے۔

جواب میں بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی طرف سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ اسکور روہت شرما نے کیا جو 72 رنز تھا۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی 50 کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ پایا۔ نیل واگنر نے پہلی اننگز میں بھی چار بھارتی بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

واگنر نے بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کو 39 رنز پر آؤٹ کیا
واگنر نے بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کو 39 رنز پر آؤٹ کیاتصویر: AP

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کچھ زیادہ متاثر کن نہ رہی اور محمد شمی اور اشانت شرما کی شاندار بولنگ کے باعث میزبان ٹیم مجموعی طور پر 105 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ شمی اور شرما دونوں نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

آج میچ کے چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو بھارتی ٹیم 87 رنز بنا رکھے تھے جبکہ اس کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ شیکھر دھاون، ویرات کوہلی اور خود کپتان دھونی کی اچھی پرفارمنس کی بدولت چائے کے وقفے تک بھارتی ٹیم نے 270 رنز بنا لیے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ تاہم چائے کے وقفے کے بعد واگنر سمیت نیوزی لینڈ کے بولرز نے کسی بیٹمسین کو کریز پر جمنے نہ دیا اور یوں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 366 کے مجموعی اسکور پر اس وقت آؤٹ ہو گئی جب منزل محض 40 رنز پر رہ گئی تھی۔ نیل واگنر کے دوسری اننگز میں دیگر دو شکار ظہیر خان17 رنز پر اور کپتان مہیندرا سنگھ دھونی 39 رنز پر بنے۔

نیل واگنر نے دونوں اننگز میں چار چار کھلاڑی آؤٹ کرکے مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے بہترین کھلاڑی میزبان ٹیم کے برینڈن میکلم قرار پائے۔ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 14 فروری سے ولنگٹن میں شروع ہو گا۔