1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نگلیریا فاﺅلری کراچی میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کا سبب

Kishwar Mustafa15 اکتوبر 2012

ماہرینِ صحت اور کراچی کی پانی کی انتظامیہ اس بات پر بحث و مباحثے میں مصروف ہے کہ آیا کراچی کا پانی صاف ہے یا اس میں کلورین کی مقدار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/16QGD
تصویر: picture-alliance/Manfred P.Kage/Okapia KG

دماغ کو نقصان پہنچانے والی بیماری نگلیریا فاﺅلری کے ماہرین کہتے ہیں کہ اس بیماری سے بچنے کیلئے عوام الناس کو جو احتیاطی تدابیر کرنی چاہئیں ان میں پانی ابالنا شامل نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ بیماری پینے کے پانی سے نہیں ہوتی لہٰذہ ضروری ہے کہ صرف اس پر نظر رکھی جائے کہ کہیں یہ پانی ناک کے ذریعے دماغ کی جھلی تک نہ پہنچ جائے۔
پچھلے چند ہی دنوں میں نگلیریا فاﺅلری کی وجہ سے کراچی میں 10افراد لقمہ ِ اجل بن چکے ہیں اور ماہرینِ صحت اور کراچی کی پانی کی انتظامیہ اس بات پر بحث و مباحثے میں مصروف ہے کہ آیا کراچی کا پانی صاف ہے یا اس میں کلورین کی مقدار بڑھانے کی ضرورت ہے۔


کراچی واٹر اینڈ سوریج بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید کا کہنا ہے کہ پانی صاف ہے اور اس میں مزید کلورین ڈالنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کلورین کی موجودہ مقدار قطعی ناکافی ہے۔ واٹر بورڈ کے ذرائع کے مطابق اس وقت پانی میں 0.15 ppm کلورین پائی جاتی ہے جبکہ WHO کی طرف سے اس بیماری پر کام کرنے پر مامور ڈاکٹر شکیل ملک کہتے ہیں کہ یہ سطح کم سے کم 0.5 ppm ہونی چاہیے۔

Symbolbild Gehrinwellen
آلودہ پانی دماغی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہےتصویر: Fotolia/Andrea Danti


ماہرینِ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کو اس بات کا علم بھی ہونا چاہیے کہ اس بیماری سے بچنے کیلئے وہ خود کیا کر سکتے ہیں۔ جامعہ کراچی کی مائکروبایولوجی ڈپارٹمنٹ کی ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کا کہنا ہے کہ یہ کہنا کہ لوگوں کو پانی ابال کر استعمال کرنا چاہیے انہیں بیماری سے ناواقف رکھتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ چھوٹے بچے نہاتے ہوئے پانی سے کھیلتے ہیں اور اسی طرح پانی ان کے ناک میں جاسکتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ ایسے بچوں کو اکیلے پانی کے ساتھ نہ چھوڑا جائے۔ ڈاکٹر شاہانہ نے یہ بھی کہا کہ وضو کرتے ہوئے بھی خاص خیال رکھنا پڑے گا کہ پانی ناک کے ذریعے دماغ کی جھلی تک نہ پہنچ جائے۔ نگلیریا فاﺅلری اسی جھلی میں دراڑ ڈال کر دماغ کو نقصا ن پہنچاتا ہے۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ پیراکی کرتے ہوئے بھی اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ پانی میں کلورین کی صحیح مقدار موجود ہے۔ ان کا کہنا یہ بھی ہے کہ حکومت کو یہ بھی چاہیے کہ تمام سوئمنگ پولز کی نگرانی کی جائے کہ وہاں پانی میں کلورین کی مقد ار کتنی ہے۔

Pakistan nach der Flut
پاکستان میں ناگہانی آفات کے سبب بیماریاں پھیلتی رہیتی ہیںتصویر: DW


سندھ کے وزیرِ صحت ڈاکٹر صغیر احمد کہتے ہیں کہ حکومت چوکس ہے اور گھروں میں فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی صحیح مقدار کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ قدم جلدی نہ اٹھایا گیا تو اس بیماری کا اور لوگ بھی شکار ہوسکتے ہیں۔
ڈاکٹر صغیر اس بات پر بھی مصر ہیں کہ لوگوں کو پانی ابال کر استعمال کرنا چاہیے۔ ماہرینِ صحت کہتے ہیں کہ یہ اچھی تجویز ہے ہر چند کہ اس کا اس بیماری سے کوئی دور دور کاواسطہ نہیں۔

رپورٹ : رفعت سعید کراچی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں