1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میں ملبے میں ماں کو ڈھونڈ رہا تھا، لوگ سیلفی بنا رہے تھے‘

25 مئی 2020

عید سے ایک روز قبل پیش آنے والے پی آئی اے کے جہاز کے حادثے کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ایئربس کی ٹیم پیر کو کراچی پہنچ رہی ہے۔ یہ سفر 97 افراد کے لیے موت کا پیغام لے کر آیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3cinH
Pakistan Karatschi | Flugzeugabsturz
تصویر: Reuters/A. Soomro

80 سالہ فضل رحمان اور ان کی 74 سالہ اہلیہ وحیدہ رحمان جب لاہور سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز 8303 پر سوار ہوئے تھے اُس وقت انہیں سب سے زیادہ خوف کورونا وائرس سے تھا۔ اس خطرے کو مول لیتے ہوئے یہ دونوں عید کراچی میں منانا چاہتے تھے۔ یہ سفر اس جوڑے کے لیے موت کا پیغام لایا تھا۔ 54 سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ دینے والے اس جوڑے نے یوں آخری سفر بھی ساتھ ہی طے کیا اور یہ دونوں ان 97 ہلاک شدگان میں شامل ہیں، جو پی آئی اے اوپریٹڈ ایئر بس 320  کے کراچی کے گنجان علاقے میں گرنے کے سبب موت کے منہ میں چلے گئے۔

فضل رحمان کے بیٹے انعام الرحمان اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں،''ہم نے ڈاکٹروں اور گھر والوں کو متعدد کالز کیں، ہماری سب سے بڑی پریشانی یہ تھی کہ کیا میرے والدین یہ سفر خیر خیریت سے طے کر پائے؟ ‘‘ عید پر اپنے والدین کو خوش آمدید کہنے کا ان کا خواب ایک بھیانک حقیت میں بدل گیا۔ ''پی کے 8303 کے حادثے کی خبر سنتے ہی میں نے اپنی گاڑی اسٹارٹ کی ایمبولنسوں اور دھوٍئیں کے بادلوں کے پیچھے گاڑی دوڑاتا رہا۔‘‘ انعام الرحمان کے بقول،'' جب میں نے جائے حادثہ کا منظر دیکھا تو میں سمجھ گیا کہ اگر میرے والدین بچ گئے تو یہ صرف اور صرف کوئی معجزہ ہو گا۔‘‘

Pakistan Karatschi | Flugzeugabsturz
کراچی کے ایک رہائشی علاقے میں جہاز کے گرنے کے بعد کا منظر۔تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan

 کراچی کے جناح ایئرپورٹ کے مشرقی کونے کی طرف گنجان آبادی کی کثیرالمنزلہ عمارتوں کے بیچ و بیچ طیارے کے  گرنے کے نتیجے میں زمین پر تاہم کوئی اموات نہیں ہوئیں۔ دو درجن سے زائد گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ جا بجا بجلی کے کیبلز پڑے نظر آ رہے تھے اور ملبے سے انسانی جسم کو برآمد کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ جہاز کا ایک ونگ ایک گھر کے کونے سے جا ٹکرایا اور انجن ایک قریبی گراؤنڈ میں پایا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طیارے کے ایندھن نے گھروں کے ساتھ ساتھ ملبے کو خاکستر کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سیاہ گھنے بادل آسمان پر چھا چُکے تھے۔ انسانوں کا ایک ہجوم جائے حادثہ کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس گنجان علاقے کی سڑکیں اور رستے ایمبولنسوں، امدادی کارکنوں اور ملبے سے بھر چُکی تھیں۔ اپنے عزیز و اقارب، اپنے پیاروں کی زندگی کی آس و امید لگائے ان کے رشتے دار ملبے کے قریب سے قریب تر پہنچنے کی کوششیں کر رہے تھے۔

ایک امدادی کارکن نے خبر رساں ادارے رائٹرس کو بتایا کہ دو لاشیں آکسیجن ماسک کے ساتھ ملیں۔ ملبے کے نیچے سے نکالی جانے والی متعدد لاشیں قابل شناخت نہیں تھیں۔ ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹیو نے جمعے کو ہی کہہ دیا تھا کہ پائلٹ کے پیغام سے طیارے میں تکنیکی مسائل کی نشاندہی ہوگئی تھی۔

      

Pakistan Karatschi | Flugzeugabsturz
جہاز پر سوار مسافروں کے گھر والوں کو اپنے رشتے داروں کی لاشوں کی شناخت میں بھی سخت مشکلات کا سامنا۔تصویر: Reuters/A. Soomro

چیخ و پکار اور آگ کے شعلے

45 سالہ شاہد احمد اپنی ماں کا ا نتظار میں کراچی ایئرپورٹ پر کھڑا تھا۔ جہاز کریش کی خبر ملتے ہی وہ حادثے کی جگہ پر پہنچا۔ وہاں اسے ریسیکو ٹیم کے اراکین ملبوں کے نیچے سے مسافروں کی لاشیں  باہر کھنچتے، انہیں نکالنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ جائے حادثے پر کچھ لوگ سلفیاں بنانے میں مصروف تھے۔ شاہد احمد اپنی 75 سالہ ماں کا استقبال کرنے وہاں پہنچا تھا۔ مضطرب احمد کے بقول،'' وہاں پر کوئی بھی ذمہ دار نظر نہیں آ رہا تھا، لوگ تصویریں اور سسلفیز بنانے میں مصروف تھے۔‘‘ اپنی والدہ کو جائے حادثے پر نہ پانے کے بعد احمد نے ہسپتالوں کا رُخ کیا۔ آزمائش کی اس سخت گھڑی کا زکر کرتے ہوئے احمد بتاتا ہے،'' کسی ہسپتال میں زخمی ہونے والوں کی کوئی فہرست میسر نہیں تھی۔ ہسپتالوں کی بد انتظامی اور افراتفری دیکھنے کے قابل تھی۔‘‘

'' ماں کی لاش تلاش کرنا ایک بھیانک خواب تھا۔‘‘

Pakistan Karatschi Mohammad Zubair überlebt Flugzeugabsturz
حادثے میں بچ جانے والا محمد زبیر۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Khan

اس ہولناک حادثے میں بچ جانے والے دو افراد میں سے ایک انجینیئر محمد زبیر نے مقامی میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا،''پائلٹ نے جہاز کو لینڈنگ کے لیے ایک بار زمین کو چھوا، پھر فوراً ہی جہاز دوبارہ اوپر اڑا۔ پائلٹ نے اعلان کیا کہ وہ ایک بار پھر لینڈنگ کی کوشش کرے گا تاہم اس اعلان کے چند لمحوں بعد ہی بچے، بڑے، معمر مسافروں کی چیخوں کی آواز کے ساتھ طیارہ کریش ہوگیا۔ مجھے آگ کے سوا کچھ بھی نظر نہیں آ رہا تھا۔‘‘

فضل رحمان کے بیٹے انعام الرحمان کا کہنا ہے کہ اُن کی پوری فیملی شدید صدمے کا شکار ہے۔ ان کے بقول،''ہمارے گھر کوئی عید نہیں۔‘‘ تاہم انہیں اس بات سے کچھ راحت مل رہی ہے کہ ان کے والدین ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے تھے۔ اب ان کا آخری سفر بھی ایک ساتھ مکمل ہوا۔

ک م/ ع ا/ ایجنسیاں

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں