1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو میں مٹی کے تودے گرنے سے بدترین تباہی

29 ستمبر 2010

میکسیکو کی جنوبی ریاست اوکساکا میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور 100 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے طوفانی بارش کے باعث پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/PPGt
تصویر: picture-alliance/dpa

اوکساکا کے علاقے سانتا ماریا پر ایک پہاڑی کا 200 میٹر چوڑا حصہ گرا، جس سے اس علاقے کا ایک حصہ دب کر رہ گیا۔

اوکساکا کے گورنر اولیسس ریوز نے قبل ازیں کہا تھا کہ ایک سے تین سو تک گھر مٹی کے نیچے دبے ہوئے ہیں جن میں 600 افراد موجود ہیں۔ یہ حادثہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا، جب لوگ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔ ابھی تک سات ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

خراب موسم کے باعث متاثرہ علاقہ قابل رسائی نہیں رہا، جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو وہاں پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گورنر نے کہا، ’بارشیں بہت ہوئی ہیں، دریا اُبل رہے ہیں اور سڑکوں پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ہمیں متاثرہ علاقے تک پہنچنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں فون سروس بھی کام نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ سانتا ماریا کے بلدیاتی حکام نے سیٹیلائٹ فون کے ذریعے ایک سو سے تین سو گھر تودوں تلے دبنے کی اطلاع دی ہے اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ حادثے کے وقت گھروں میں پانچ سو سے چھ سو افراد سو رہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ جب تک امدادی ٹیمیں علاقے میں نہیں پہنچ جاتیں، نقصان کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں۔

Deutschland Mexiko Kunst Calderon besucht Kahlo-Ausstellung
میکسیکو کے صدر فلپے کالدیرونتصویر: picture-alliance/dpa

میکسیکو کے صدر فلپے کالدیرون بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے، ’اوکساکا میں مٹی کے تودے گرنے سے بدترین تباہی آئی ہے۔ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ وفاقی اور ریاستی امداد پہنچ رہی ہے لیکن متاثرہ علاقے تک رسائی مشکل ہے۔‘

ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیمیں، پولیس، فوج اور میرین حرکت میں آ گئے ہیں، جو بھاری مشینری کے ساتھ متاثرہ علاقے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ