میر پور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی عمدہ کارکردگی
18 دسمبر 2011شیر بنگال اسٹیڈیم میر پور میں کھیلے جا رہے اس ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستانی اوپنر توفیق عمر 44 جبکہ ون ڈاؤن بلے باز اظہر علی چھبیس رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جب پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ انہیں ناظم الحسین کی ایک عمدہ گیند پر مشفق الرحیم نے کیچ آؤٹ کیا۔
خراب روشنی کی وجہ سے جب میچ مقررہ وقت سے پہلے ہی روک دیا گیا تو بنگلہ دیش کو 251 رنز کی برتری حاصل تھی۔
اس سے قبل جب بنگلہ دیش نے پہلے دن کے اسکور 234 چار کھلاڑی آؤٹ پر دوسرے دن اننگز کا آغاز کیا تو شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
شکیب الحسن کے 144 پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بولروں نے اچھا کم بیک کیا اور بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی ٹیل کو اڑا کر رکھ دیا۔ اس دوران وکٹ کیپر اور کپتان مشفق الرحیم قیمتی چالیس رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے شہادت حسین نے بھی مزاحمت دکھائی اور اکیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے عمر گل اور اعزاز چیمہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعید اجمل کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ اس اننگز میں عبدالرحمٰن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ چٹا گانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 184 رنز سے ہرا دیا تھا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عصمت جبیں