1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کے خلاف اطالوی کریک ڈاؤن پر ٹرمپ خوش

31 جولائی 2018

امریکی صدر ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم چوزیپےکونٹے کی جانب سے مہاجرین کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اطالوی وزیراعظم واشنگٹن کے دورے پر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اپنی نظریاتی قربت قائم رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/32MJY
USA Washington Donald Trump & Giuseppe Conte, Ministerpräsident Italien
تصویر: Reuters/C. Barria

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاطالوی وزیراعظم سے پیر کے روز ملاقات میں امریکا اور اٹلی کے درمیان نظریاتی قربت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور اطالوی وزیراعظم دونوں ’روایتی سیاست دان‘ نہیں بلکہ اس نعرے کے ساتھ سیاست میں اترے کہ انہیں روایتی سیاسی انداز کو تبدیل کرنا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں کی انتخابی مہم، انتظامیہ اور نظریات خصوصاﹰ مہاجرین سے متعلق رویہ ایک سا ہے۔

ریسکیو کیے گئے مہاجرین میں سے کچھ فرانس اور مالٹا جائیں گے، اٹلی

اطالوی کیتھولک میگزین نے سالوینی کو شیطان سے تشبیہ دے دی

اوول آفس میں ملاقات سے قبل ٹرمپ نے کونٹے سے کہا، ’’میں مہاجرت، بالعموم قانونی مہاجرت اور بالخصوص غیرقانونی مہاجرت سے متعلق آپ کے اقدامات کی تکریم کرتا ہوں۔‘‘

اس موقع پر کونٹے نے کہا کہ امریکا اور اٹلی ’ایک طرح سے جڑواں‘ ممالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ایسے بہت سے امور ہیں، جو دونوں ممالک کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ کونٹے نے رواں برس جون میں اقتدار سنبھالا تھا۔ ان کی جماعت فائیواسٹار موومنٹ، انتہائی دائیں بازو کی جماعت لیگ پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت قائم کرنے میں کامیاب رہی اور اقتدار سنبھالتے ہیں، کونٹے نے بحیرہء روم کے ذریعے اطالوی ساحلوں کا رخ کرنے والے تارکین وطن کے خلاف غیرمعمولی حد تک سخت پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی حکومت عوامی بہبود کے شعبے کو بھی ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں خاصی وسعت دینے پر کاربند ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ حالیہ چار برسوں میں غیرقانونی طور پر اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ ہے، تاہم اب اٹلی نے بحیرہء روم میں تارکین وطن کو ریسکیو کرنے والے بحری جہازوں کو اپنی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہونے سے روک دیا ہے۔ کونٹے نے یورپی یونین پر بھی الزام عائد کیا ہے کہ وہ سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں سے متعلق بوجھ کے اعتبار سے اٹلی کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک اپناتی رہی ہے۔

سپین پہنچنے والی مہاجرین کی تعداد اب اٹلی سے بھی زیادہ

پیر کو کونٹے سے ملاقات میں ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ وہ غیرقانونی مہاجرت سے متعلق ’صفر برداشت‘ کی پالیسی جاری رکھیں گے اور میکسیکو کی سرحد پر وعدے کے مطابق دیوار کی تعمیر کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ’حکومتی شٹ ڈاؤن‘ پر بھی تیار ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس بابت وہ قانون سازوں سے بات چیت کے لیے تیار رہے گے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے ڈیموکریٹ قانون سازوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ حکومت کو سرحدی سکیورٹی، بہ شمول سرحدی دیوار، کے لیے ووٹ نہیں دیتے، تو وہ حکومتی شٹ ڈاؤن ہونے دیں گے۔

ع ت، ع ب (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)