1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موریطانیہ میں کشتی ڈوب گئی، 57 تارکین وطن ہلاک

5 دسمبر 2019

نومبر کے آخری میں گیمبیا سے روانہ ہونے والی اس کشتی پر ڈیڑھ سو مہاجرین سوار تھے۔ کشتی کی غرقابی کے بعد 83 افراد ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/3UFnG
Mittelmeer Rettungsringe Symbolbild Schiffsunglück
تصویر: Getty Images/AFP/D. Dilkoff

مہاجرین کی بین الاقوامی تنظیم ( آئی ایم او) نے بتایا ہے کہ موریطانیہ کے ساحلوں کے قریب بحر اوقیانوس میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ستاون تارکین وطن ہلاک ہوئے ہیں۔ اسے یورپ پہنچنے کی کوشش کے دوران اس سال کے ہلاکت خیز واقعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایم او نے اپنے بیان میں مزید بتایا کشتی پر سوار تراسی دیگر افراد تیر کر خشکی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

غرق ہونے والی کشتی پرخواتین اور بچوں سمیت ڈیڑھ سو افراد سوار تھے۔ آئی ایم او نے بتایا ہے کہ جیسے ہی کشتی موریطانیہ کے پانیوں میں پہنچی اس کا ایندھن ختم ہو گیا۔

Mauretanien Cap Blanc am Nouadhibou
تصویر: Imago Images/imagebroker/M. Runkel

بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ موریطانیہ کے شمالی شہر نوابیدو کی انتظامیہ کی جانب سے ان کی مدد کی گئی۔ آئی ایم او کی موریطانیہ سے تعلق رکھنے والے مشن کی سربراہ لورا لنگاروتی کے مطابق،''موریطانیہ کی حکومت نے بہت ہی مؤثر انداز میں نوابیدو  میں موجود مختلف تنظیموں سے رابطہ کیا اور فوری اقدامات کیے۔‘‘ 

ان افراد نے مزید بتایا کہ انہوں نے ستائیس نومبر کو گیمبیا سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ اس دوران حکام نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ گیمبیا کی آبادی تقریباً دو ملین ہے۔ آئی ایم او کے مطابق 2014ء سے 2018ء کے دوران گیمبیا کے پینتیس ہزار سے زائد شہری ملک چھوڑ کر یورپ پہنچے ہیں۔

ع ا / اب ا( ڈی ڈبیلو)