1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کی اپنے ایک ساتھی کے بیان کی مذمت

کشور مصطفیٰ22 اپریل 2014

بھارتی الیکشن میں وزارت عظمیٰ کے فیورٹ امیدوار نریندر مودی نے اپنے ایک پُرانے سیاسی رفیق کے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز بیانات کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bm3d
تصویر: Reuters

دائیں بازو کی انتہا پسند ہندو جماعت ’وشو ہندو پریشد‘ )ورلڈ ہندو کونسل( کے سربراہ پروین ٹوگاڈیا نے اپنے ایک بیان میں مغربی بھارتی ریاست گجرات کے ہندوؤں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے محلوں سے مسلمانوں کو نکال باہر کریں۔ ٹوگاڈیا کے اس بیان پر مشتمل ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے اُن کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ گزشہ ہفتے کے روز ٹوگاڈیا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا، "ہم ہندو اکثریت میں ہیں، ہمیں اُنہیں )مسلمانوں کو( خوفزدہ کرنے کے لیے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی جُرأت کرنی چاہیے"۔ دریں اثناء ٹوگاڈیا کے ایک وکیل نے اس ویڈیو کلپ کو جھوٹ، بد دیانتی اور فتنہ پروری قرار دیا ہے۔

اُدھر سخت گیر موقف والی قوم پرست ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی بی جے پی کے لیڈر اور حالیہ انتخابات میں وزارت عظمیٰ کے لیے اب تک فیورٹ تصور کیے جانے والے نریندر مودی نے ٹوگاڈیا کے مسلم دشمن بیان کو رد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں لیڈر 80 کے عشرے میں ہندو قوم پرستوں کے بنیادی گروپوں سے وابستہ رہے ہیں اور اس طرح مودی اور ٹوگاڈیا کبھی ایک دوسرے کے بہت قریب رہ چکے ہیں۔ مودی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں تحریر کیا ہے:"بی جے پی کے خیر خواہ ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کے اس طرح کے سستے بیانات کی وجہ سے انتخابی مہم کی توجہ ترقی اور اچھی حکمرانی جیسے مسائل سے ہَٹ رہی ہے"۔

Muslimische Wählerinnen in Indien 10.04.2014
مسلمان ووٹ بھی اہمیت رکھتے ہیںتصویر: Reuters

مودی نے اپنے اس پیغام میں مزید کہا، "میں اس قسم کے تمام غیر ذمہ دارانہ بیانات کو نامنظور کرتا ہوں اور ایسے بیانات دینے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس قسم کی بیان بازی سے گریز کریں"۔ ہندو قوم پرست پارٹی بی جے پی کے لیڈر اور ریاست گجرات میں 2002 ء سے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز نریندر مودی کو بھارت میں مذہبی تفریق کی ہلکے ہلکے مگر مسلسل سلگتی ہوئی آگ کا ایک اہم سبب سمجھا جاتا ہے۔ ناقدین کے بقول مودی کی طرف سے ہندوؤں کے ایک مقدس شہر واراناسی (بنارس) سے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ ان کے قوم پرست ہندو ہونے کے تصور کو مزید تقویت دیتا ہے۔

ہندو ازم کے احیاء کی تحریک سے وابستہ 63 سالہ مودی اس بار کے انتخابات میں خود کو اقتصادی معاملات سلجھانے اور ملکی ترقی کا چیمپئن قرار دے رہے ہیں۔ تاہم انہیں 2002ء میں گجرات کے خونریز مذہبی فسادات کو روکنے کے لیے ناکافی اقدامات کرنے کی بناء پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مودی اس وقت بھی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔ اُن فسادات میں کم ازکم ایک ہزار افراد مارے گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر مسلمان تھے۔ مودی ایسے الزامات مسترد کرتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں بھی ان کے خلاف اس حوالے سے شواہد نہیں مل سکے تھے۔

Wahlen in Indien
بھارت میں مذہبی تفرپہ انتخابی سرگرمیوں میں منعکس ہےتصویر: DW/Prabhakar Mani Tewari

گزشتہ ہفتے بھارت کے مشرقی صوبے بہار میں بی جے پی کے ایک ہندو قوم پرست لیڈر گری راج سنگھ نے کہا تھا، "63 سالہ مودی کے ناقدین کو پاکستان جانا ہو گا"۔ گزشتہ سال ستمبر میں ہندو مسلم فسادات کی زَد میں آنے والے ایک انتخابی حلقے میں مودی کے ایک قریبی ساتھی امیت شاہ کے ایک متنازعہ بیان کے سبب الیکشن کمیشن کی جانب سے اُن پر عارضی طور پر انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ مودی کے اس ساتھی نے ووٹروں پر زور دیا تھا کہ وہ بیلٹ بکس کی مدد سے مسلمانوں سے انتقام لیں۔

نریندر مودی بھارتی مسلم آبادی کے ایک بڑے حصے میں نفرت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ 1.2 بلین آبادی والے اس ملک میں مسلمانوں کی شرح 13 فیصد ہے۔ سیکیولر مگر ہندو اکثریت والی ریاست بھارت میں مسلمان سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں۔